Sunday, August 9, 2026
PAGES
CATEGORIES
Poetry - سُخن ریزے

ایک غزل سَر کی نذر

· April 20, 2024

لفظ کھونے لگے معانی سَر
اور کتنی غلط بیانی سَر

روزی روٹی کی بات بھی کچھ ہو
ہم نے سن لی بہت کہانی سَر

گِر گیا کتنا روپیے کا مول
بڑھ گئی کس قدر گرانی سَر

جھوٹ پر ہم اٹکنے لگتے ہیں
کس طرح آئے گی روانی سَر

کون ماہر سبھی علوم میں ہے
آپ جیسا ہے کون گیانی سَر

کچھ تو سچّائی دیکھ پائیں گے
کچھ تو آنکھوں میں ہوگا پانی سَر

چاے پینے کی مر گئی خواہش
کیا کریں رکھ کے چاے دانی سَر

چھوڑ کر گھر نہ بھاگ پائے ہم
ہو گئی رائگاں جوانی سَر

یہ جو دس بیس کر رہے ہیں عیش
آپ ہی کی ہے مہربانی سَر

دل محبت کا اک جزیرہ ہے
یا ہے نفرت کی راجدھانی سَر

بجلی بن کر کہیں نہ گر جائے
خوش گمانوں کی خوش گمانی سَر

ایک سیلاب ہے مسائل کا
ہر طرف بھر گیا ہے پانی سَر

افتخار راغبؔ
شاہین باغ، نئی دلی

new logo rki
ABOUT
Your World in Words — independent daily news across Qatar, Pakistan and the world.
READER SERVICES
© 2026 Daily Rahbar Kisan International. All Rights Reserved.