کیا آگ ہے یہ عشق بیاں ہو نہیں سکتا
ہم راکھ بھی ہو جائیں دھواں ہو نہیں سکتا
مٹھّی میں بھلا قید ہوئی ہے کبھی خوش بو
یہ رنگِ محبّت ہے نہاں ہو نہیں سکتا
ٹوٹا ہے فلک یا کہیں ٹوٹا ہے کوئی دل
یوں ہی تو کہیں شورِ فغاں ہو نہیں سکتا
ملتے نہیں خوشبو بھرے خوش رنگ سے الفاظ
لفظوں میں تِرا حسن بیاں ہو نہیں سکتا
دھڑکا بھی اُسی کو ہے جو سرسبز ہے راغبؔ
جو خشک ہے مائل بہ خزاں ہو نہیں سکتا
افتخار راغبؔ
ریاض، سعودی عرب
کتاب: خیال چہرہ




