غبار دل سے نکال دیتے
تو سب تمھاری مثال دیتے
کبھی تو چاہت کے چند سکّے
ہمارے کاسے میں ڈال دیتے
کوئی بہانہ تو مل ہی جاتا
کسی بہانے سے ٹال دیتے
جو پاسِ ناموسِ حرف ہوتا
قلم کو رزقِ حلال دیتے
سوال کرتے جواب میرے
جواب تیرے سوال دیتے
شعاعِ الفت سے دل کو راغبؔ
وہ چاہتے تو اُجال دیتے
افتخار راغبؔ
ریاض، سعودی عرب
کتاب: لفظوں میں احساس



