Today ePaper
Rahbar e Kisan International

حج 2025 کے کوٹے میں 10 ہزار عازمین کا اضافہ

Articles , Snippets , / Tuesday, April 15th, 2025

rki.news

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی*

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی*

پاکستان کے لیے حج 2025 کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کی جانب سے 10 ہزار اضافی عازمین کا کوٹہ دینا ایک نہایت خوش آئند اور تاریخی اقدام ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی حالیہ ملاقات کے نتیجے میں سامنے آیا، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی، مذہبی اور عوامی تعلقات کی گواہی دیتا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات قیام پاکستان کے فوراً بعد سے قائم ہوئے۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی مسلمان حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔ 1970 کی دہائی میں سعودی حکومت نے کوٹہ سسٹم متعارف کروایا تاکہ دنیا بھر سے عازمین کی تعداد کو نظم و ضبط کے ساتھ منظم کیا جا سکے۔ پاکستان، آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے مسلم ممالک میں شمار ہوتا ہے اور اسی نسبت سے اسے ہر سال مخصوص حج کوٹہ دیا جاتا ہے۔
1980 کی دہائی میں بھی سعودی حکومت نے پاکستان کے کوٹے میں اضافہ کیا تھا لیکن حالیہ اعلان بہت ہی خوش آئند ہے کہ جس میں 10 ہزار اضافی پاکستانی عازمین کو حج 2025 کے لیے شامل کیا گیا ہے، سعودیہ کا یہ اقدام ایک طویل عرصے بعد ایک بہت بڑا قدم ہے۔ اس فیصلے سے اندازہ ہوتا ہے کہ سعودی عرب نہ صرف پاکستان کے ساتھ اپنے مذہبی و ثقافتی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، بلکہ وہ پاکستانی عوام کی روحانی و مذہبی خواہشات کا بھی بھرپور احترام کرتا ہے۔ اس فیصلے کے کئی مثبت پہلو ہیں جن میں عوامی دباؤ میں کمی سرفہرست ہے۔ ہر سال ہزاروں پاکستانی درخواست دہندگان حج کے لیے انتظار کی فہرست میں شامل رہتے ہیں۔ اضافی کوٹہ اس دباؤ کو کم کرے گا اور مزید پاکستانیوں کو مقدس سفر حج کی سہولت میسر آئے گی۔
اس اقدام سے دوطرفہ تعلقات میں وسعت آئے گی۔
سعودی حکومت کی طرف سے یہ اقدام پاکستان پر اعتماد اور دوستی کی علامت ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک معاشی و سفارتی میدانوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔
اس اقدام سے روحانی سفارتکاری کو فروغ ملے گا۔
جیسا کہ وزیر مذہبی امور نے بجا طور پر کہا کہ “عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں” – ان کے رویے، نظم و ضبط اور مذہبی شعور سے پاکستان کی نیک نامی وابستہ ہے۔ حج ایک روحانی عبادت ہی نہیں بلکہ ایک عالمی اجتماع بھی ہے، جہاں پاکستان کا چہرہ دنیا کے سامنے آتا ہے۔
اس اقدام سے انتظامی تیاریوں میں بہتری آئے گی۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے تربیتی مراحل کی بروقت تکمیل، سعودی حکومت سے قریبی رابطے اور ویکسینیشن کا بروقت انتظام، سب اس بات کی علامت ہیں کہ پاکستان حج انتظامات کو مؤثر اور جامع بنانے میں سنجیدہ ہے۔
سعودی حکومت کا حج کوٹے میں 10 ہزار عازمین کا اضافہ نہ صرف ایک انتظامی فیصلہ ہے بلکہ یہ پاکستان کے لیے مذہبی اہمیت کا حامل ایک بڑا اعزاز بھی ہے۔ یہ فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کی روحانی جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
اس خوشی کے موقع پر ضروری ہے کہ حکومت پاکستان اس اضافی کوٹے کو شفاف طریقے سے تقسیم کرے، عازمین کی سہولیات کو مزید بہتر بنائے اور اس قومی خوشخبری کو ایک بہترین انتظامی کامیابی میں تبدیل کرے۔

*ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق خیبرپختونخوا چترال سے ہے آپ حالات حاضرہ، علم ادب، لسانیات اور تحقیق و تنقیدی موضوعات پر لکھتے ہیں ان سے اس ای میل rachitrali@gmail.com اور واٹس ایپ نمبر 03365114595 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International