تازہ ترین / Latest
  Sunday, October 20th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

حسن انتخاب ۔۔خانی زمان جاگل صداۓ بالا کوٹ

Articles , Snippets , / Tuesday, May 21st, 2024

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
پیارے قارئین!علم و ادب کے درخشاں ستارے اور ماہر تعلیم جناب ”خانی زمان جاگل“صداۓ بالا کوٹ کا تذکرہ اس لیے کہ موصوف ایم۔فل اور پیشہ معلمی سے جنون کی حد تک پیار کرتے اور سماج سے لے کر تعمیر انسانیت تک مخلصانہ کردار ادا کرنے والے انسان ہیں۔کتاب ”سرسید بالا کوٹ ۔۔سمندر خان سمندر“کا ابتدائیہ لکھ کر صداۓ بالا کوٹ بن کر دلوں پر چھا گۓ۔موصوف کی زندگی کا احوال بہت خوب صورت ہے۔علم کی دولت سے مالا مال اور معلم کے آئینہ میں عاجزی اور انکساری کے مالک ہیں۔بقول شاعر:۔
نہیں مقام کی خوگر طبیعت آزاد
ہواۓ سیر مثال نسیم پیدا کر
ہزار چشمہ تیرے سنگ راہ سے پھوٹے
خودی میں ڈوب کے ضرب کلیم پیدا کر
موصوف خانی زمان جاگل اپنی شخصیت اور پہچان کے مالک ہیں۔ایک شخصیت اور تعارف کے آئینہ میں دیکھیں تو 13 اکتوبر 1985 میں گاؤں ”پمھارہ“تحصیل بالا کوٹ کے خوب صورت اور پر فضا نظاروں میں پیدا ہوۓ۔والد محترم کا اسم گرامی سردار ولی جان ہے۔خانی زمان جاگل گوجر قوم کے چشم و چراغ ہیں۔موصوف کی زندگی جدوجہد اور علم سے محبت کی سرگزشت ہے جس میں سادگی اور متانت نظر آتی ہے۔ابتدائی تعلیم موصوف نے اپنے گاؤں گورنمنٹ پرائمری سکول پمھارہ سے حاصل کی۔میٹرک کا سالانہ امتحان 2002 میں گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ گلی سے پاس کیا۔ایف کا سالانہ امتحان آزاد امیدوار ایبٹ آباد بورڈ سے پاس کیا۔بی۔اے اور ایم اےکے امتحانات ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ سے پاس کیے ۔ایم۔فل جامعہ ہزارہ مانسہرہ سے مکمل کیا ۔پیشہ ورانہ تعلیم میں پی۔ٹی۔سی اور بی۔ایڈ علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے مکمل کی۔ایم۔ایڈ کی ڈگری سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے حاصل کی۔موصوف نے مئی 2012 میں محکمہ تعلیم میں ملازمت کا آغاز کیا۔بحیثیت پی۔ایس۔ٹی معلم گورنمنٹ پرائمری سکول پمھارہ میں تدریسی خدمات سرانجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔گویا موصوف کی زندگی میں ایک جدوجہد اور کاوش کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔موصوف کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات کے لیے کوشاں ہیں۔اردو ادب کے ساتھ ساتھ گوجری کی تاریخی اہمیت اجاگر کرنے پر کمربستہ رہتے ہیں۔تحصیل بالا کوٹ میں بچوں اور بچیوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے والی ہستی جہاں تعلیم اور سماجیات میں نامور ہیں شاعری سے لگاؤ بھی ان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔علم کی شمع قوم کے بچوں میں روشن کرنے کے لیے بے تاب رہنے والی ہستی جنون کی حد تک اپنا مقدس فرض ادا کرتے ہیں۔اس ضمن میں تمام تر توجہ قوم کی امانت اور سرمایہ کی زندگی سدھارنے کے لیے جتنی بھی کوششیں ہوتی ہیں ان کی بہت بڑی اہمیت ہے۔معلم چونکہ ایک رہبر اور رہنما ہوتا ہے اس لیے اس کی سوچ بھی وسیع ہونا ضروری ہے۔اور یہی خوبی انسان کو عزت اور قدر کے بلند رتبہ تک بھی پہنچاتی ہے۔موصوف صداۓ بالا کوٹ بن کر علم کی شمع روشن کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔با مقصد زندگی کا درس قوم کے بچوں اور بچیوں کو دیا جاۓ تو بہت اچھے اثرات سامنے آتے ہیں۔خانی زمان جاگل صاحب تعلیم کے میدان میں سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں تو سب کے لیے ایک خوب صورت کارنامہ ہے۔اللہ کریم موصوف کو ثابت قدم رکھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International