تازہ ترین / Latest
  Tuesday, October 22nd 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

رمضان جانی کی لیگی قائدین سے مدد کی اپیل

Articles , Snippets , / Sunday, March 31st, 2024

کالم نگار: محمد شہزاد بھٹی

آج مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ بولوں تو کیا بولوں؟ لکھوں تو کیا لکھوں؟ شکوہ کروں تو آخر کس سے کروں؟ ہم کتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ چند روز قبل بہاولنگر میں پرانی سبزی منڈی کے قریب جھگڑے پر ایک بدبخت بیٹے نے اپنے باپ کو تیز دھار چھری سے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ مقتول شدید زخمی حالت میں لوگوں سے مدد کی اپیل کرتا رہا مگر بے حسی کی انتہا دیکھئیے کہ پاس کھڑی عوام بدبخت بیٹے کے ہاتھوں باپ کو قتل ہوتے دیکھتی رہی، مقتول کی مدد کرنے کی بجائے وہاں پر موجود لوگ موبائل سے ویڈیوز بناتے رہے۔ کچھ اسی طرح کی صورتحال سے لیگی کارکن محمد رمضان جانی بھی گزر رہے ہیں وہ بستر مرگ پر مدد کے لیے پکار رہے ہیں اور زیادہ تر لیگی کارکنان سوشل میڈیا پر اپنی ہی پارٹی کے کارکن محمد رمضان جانی کے علاج کے سلسلہ میں آواز اٹھانے کی بجائے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یاد رکھیں، اپنے لئے جینا کوئی جینا نہیں ہوتا، دوسروں کے لئے جینا ہی دراصل اصل جینا ہے یعنی دکھی انسانیت کی خدمت کرنا، ان کے کام آنا، مشکلات میں پھنسے لوگوں کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہی انسانیت کی عملی مثال ہے۔ کاش کہ تمام لیگی کاركنان کو یہ بات سمجھ آ جائے۔ لیگی کاركنان کو چاہیے کہ خدارا، سوشل میڈیا کے ہر محاذ پر اپنی آواز کو محمد رمضان جانی کے حق میں بلند کیجیے۔ یاد رکھیں، انسان بظاہر انسانی مجسمے کا نام نہیں بلکہ انسان تو وہ ہے جس میں انسانیت ہو، اسے اپنے دوسرے مسلمان بھائی کے دکھ درد کا احساس ہو۔ اگر آپ نماز پڑھتے ہیں آپ روزے رکھتے ہیں اگر آپ کے اندر انسانیت نہیں پائی جاتی تو ان سب کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اگر دین سے انسانیت اور خدمت ِخلق نکال دی جائے تو صرف عبادت رہ جاتی ہے اور محض عبادت کے لیے اللہ کریم کے پاس فرشتوں کی کمی نہیں۔ یاد رہے، کچھ دنوں سے چند درد دل رکھنے والے کارکنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی جا رہی ہے جس میں بہاولنگر کے ن لیگی کاركنان اپنے قائد نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے بہاولنگر کے ایک لیگی کارکن محمد رمضان جانی جو گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں ان کےعلاج کیلئے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔ بہاولنگر محلہ امیر کوٹ کے رہائشی معروف ن لیگی کارکن محمد رمضان جانی جو عرصہ تیس سال سے ن لیگ سے وابستہ ہیں۔ جنہوں نے اپنی جوانی پارٹی کی نذر کر دی اور ہمیشہ ایک ایکٹو كاركن ہونے کا کردار ادا کیا، تحریک نجات ہو یا قرض اتارو ملک سنوارو تحریک ہو یا ججز بحالی کی تحریک ہو وہ ان سب تحریکوں کے علاوہ ہر جلسہ، جلوس میں پیش پیش رہے حتی کہ پرویز مشرف دور میں وہ اپنی پارٹی کی خاطر جیل بھی گئے مگر محمد رمضان جانی نے کسی بھی چیز کو پارٹی سے وفاداری اور قائد میاں محمد نواز شریف کی محبت کے آڑے نہیں آنے دیا۔ محمد رمضان جانی عرصہ تین سال سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں، جنہیں ہفتے میں دو بار ڈیائلسیز کروانا پڑتا ہے، علاج معالجے کے سلسلہ میں دکان، مکان اور تمام قیمتی سازو سامان تک بک گیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے کی حالت میں انتہائی کمر پرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ن لیگی کارکن محمد رمضان جانی بستر مرگ پر کسی مسیحا کے منتظر ہیں، انہوں نے اپنے قائد نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے علاج کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ اگر ہم ماضی پر نظر دوڑائیں تو پتہ چلتا ہے کہ ن لیگ ہمیشہ اپنے کارکنان کو عزت دینے کی بجائے انہیں نظر انداز کر کے ان کا استحصال کرتی چلی آئی ہے۔ اگر حقیقت میں دیکھا جائے تو کاركنان ہی کسی بھی جماعت کا حقیقی سرمایہ اور اس کی بقاء کی علامت ہوتے ہیں۔ یہی کارکن اپنی سیاسی جماعت کی پالیسی کا عوام کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ہر محاذ پر خوب پرچار اور اس کا دفاع کرتے ہیں۔ انہی کارکنوں میں سے ایک کارکن محمد رمضان جانی بھی ہیں جو اپنی قیادت کو اپنے علاج کے سلسلے میں پکار رہا ہے لہٰذا ن لیگی قیادت کو چاہیے اس بے سہارا مخلص لیگی کارکن کی داد رسی کی جائے اور اس کے علاج معالجہ کے لیے فوری بندوبست کیا جائے، اس سے نہ صرف لیگی کارکنان کی عزت بحال ہو گی بلکہ لیگی قائدین کا مورال بھی بلند ہو گا۔ اللہ کریم ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International