Today ePaper
Rahbar e Kisan International

رودادِ اجلاس و مشاعرہ حلقہء ادب۔ قطر، بابت اگست 2025ء

Literature - جہانِ ادب , Snippets , / Monday, August 18th, 2025

rki.news

“اردو زبان وادب کی بقا وترویج کے لئے ہر اجلاس میں نظم کے ساتھ نثر کی روایت کو پابندی کے ساتھ منعقد کرنا دوحہ قطر کی تاریخ میں حلقہءادب اسلامی کی منفرد شان رہی ہے،،، ابھی حال ہی میں مجھے وطن عزیز کے ادبی جلسوں میں شرکت کا موقعہ ملا مجھے محسوس ہوا کہ خلیج کے جلسوں کا معیار اور آہنگ نسبتاً بلند رہتا ہے،،، میری خواہش اور گزارش ہے کہ نثری حصے میں پیش کردہ اردو مضامین وطن عزیز کی دیگر زبانوں میں منتقل کئے جائیں اور غیر اردو دانوں تک یہ خیالات اور پیغامات پہنچائے جائیں، تاکہ انہیں پتہ چل سکے کہ اردوداں وطن کے لئے کیا سوچتے ہیں”۔

یہ جملے ماہرِ اقبالیات، ادیب وشاعر ڈاکٹر عبد السلیم شاؔذ کے صدارتی خطبے سے مقتبس ہیں، جسے وہ حلقہء ادب اسلامی قطر کے آنلائن ماہانہ ادبی اجلاس ومشاعرہ بابت اگست 2025م میں پیش کررہے تھے۔

جولائی اور اگست کے مہینوں میں قطر بلکہ خلیجی ریاستوں کے مدارس کی چھٹیوں کا خیال رکھتے ہوئے حلقے نے 14 اگست کا ادبی اجلاس ومشاعرہ بھی آنلائن زوم پر منعقد کیا۔

اجلاس کا آغاز عامر شکیؔب عمری کی تلاوتِ آیاتِ ربانی، اور فتح شریف عمری ازہری کی اردو ترجمانی سے ہوا، جب کہ حافظ نذیر احمد نضیرؔ عمری نے ابوالبیان حماؔد عمری رحمہ اللہ کے نعتیہ اشعار سنائے۔

اس اجلاس کی ایک خصوصیت یہ رہی کہ اس کی نظامت آغاز سے اختتام تک عامر شکیؔب اور فتح شریف کے اشتراک سے چلتی رہی، پہلے نے تلاوت کی تو دوسرے نے ان کی اردو ترجمانی پیش کی، ایک نے شہ نشیں مہمانوں کا تعارف پیش کیا تو دوسرے نے سامعین وسامعات کا استقبال کیا، روایتی انداز سے ہٹ کر اس نظامت سے حاضرینِ اجلاس محظوظ ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔

اس اجلاس کی ایک اہم بلکہ تاریخی خصوصیت یہ رہی کہ صدرِ حلقہ محترم مظفر نایاؔب شفاخانے میں زیرِ علاج رہتے ہوئے بھی شروع سے آخر تک نہ صرف شریکِ اجلاس رہے، بلکہ اجلاس کی مکمل نگرانی بھی کرتے رہے، جبکہ ناظمِ اجلاس کی دعوت پر آپ نے اپنا مکمل طویل وبلیغ کلام بھی سنایا۔

نثری حصے میں دو مضامین پیش ہوئے جن کے عناوین آزادئ وطن کی خوشبو سے معطر تھے، پہلا مضمون حیدرآباد۔ ہند، سے رعنا شیریؔں صاحبہ نے “آزادی، ایک ادھورا سفر، ایک جاری جد وجہد” کے عنوان سے ایک مختصر، جامع اور بلیغ مضمون پیش کیا، جب کہ حافظ خبیبؔ کاظمی فلاحی نے “میرا ہندوستان، خواب، حقیقت اور آئینہ” کے عنوان سے قدرے مفصل مگر ایک دلکش اور جاندار مضمون پیش کیا۔

شعری نشست میں جملہ 13 شعراء وشاعرات شریک رہے، بھارت سے: حلؔیمہ منصور اعظمی، رعنا شیرؔیں، اسامہ بنؔ راہی، سعودیہ سے: ریاض تنہاؔ، قطر سے: ڈاکٹر سلیم شاؔذ، منصوؔر اعظمی، مظفر نایاؔب، ندیم ظفؔر جیلانی، اظفؔر گردیزی، عامر شکیؔب، اشفاقؔ دیشمکھ، محمد مشیرؔ، اور نذیر احمد نضؔیر۔ نے اپنی تازہ ومنتخب نظمیں اور غزلیں سنا کر سامعین سے خوب دادِ تحسین حاصل کیا۔

آخر میں صدرِ اجلاس ڈاکٹر عبدالسلیم شاؔذ نے نشست کے نثری اور شعری دونوں حصوں پر مختصر مگر بھرپور تبصرہ فرمایا نیز حلقے کے کامیاب اجلاس پر مبارکباد دی، اس کی جملہ کارکردگی کو سراہا اور پرخلوص دعاؤں سے نوازا۔

ناظمِ اجلاس فتح شریف عمری ازہری کی دعائیہ کلمات اور شریکِ ناظم عامر شکیؔب کے کلماتِ ہدیہء تشکّر کے ساتھ، ڈھائی گھنٹے پر مشتمل یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

رپورٹ:
عامر شكيؔب
معتمدِ عمومی حلقہء ادب اسلامی۔ قطر


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International