rki.news
لاہور: ( فریدہ خانم )،
پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (PFUC) کا نمائندہ وفد چیئرمین فرخ شہباز وڑائچ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوا۔ وفد میں صدر پی ایف یو سی ساجد خان، سیکرٹری جنرل فرید رزاقی، صدر پنجاب حافظ ذوہیب طیب، نورالہدی، مدثر شیخ (ممبر لاہور گورننگ باڈی) سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔
وفد نے جلال پور پیر والا، علی پور اور گرد و نواح کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں کھیت تباہ ہو چکے ہیں، کسان دربدر ہیں اور عوام بھوک و پیاس کی شدت سے دوچار ہیں۔ وفد نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر ایک سال تک بجلی مفت فراہم کی جائے، کاشتکاروں کو بلا سود قرضے اور بیج و کھاد پر سبسڈی دی جائے، جبکہ ایک جامع ریلیف پیکیج کا فوری اعلان کیا جائے تاکہ متاثرین دوبارہ اپنے کھیت آباد کر سکیں۔
دورے کے دوران وفد نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم خیمہ بستیاں بھی دیکھیں ،جہاں تین سو سے زائد خیمے، مرد و خواتین کے لئے الگ غسل خانے، باورچی خانے، موبائل ہیلتھ یونٹس اور واٹر فلٹریشن پلانٹس متاثرین کو سہولیات فراہم کر رہے تھے۔ بچوں کے لئے ٹینٹ اسکول اور پلے لینڈ کا قیام بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ الخدمت نہ صرف بنیادی ضروریات بلکہ معصوموں کے خوابوں کو بھی زندہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفد نے اس موقع پر عوام، حکومت اور تمام فلاحی اداروں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ ان بے بس اور محروم لوگوں کو اس وقت صرف ہمدردی ہی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔ یہ قومی فریضہ ہے جس کی انجام دہی سے ہی متاثرین دوبارہ اپنے گھروں اور کھیتوں کو آباد کر سکیں گے۔
Leave a Reply