تازہ ترین / Latest
  Saturday, October 19th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

عنوان :شان و فضیلت امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم

Articles , / Friday, July 19th, 2024

تحریر : عالمہ حفصہ عالم

شہر: کراچی

عنوان :شان و فضیلت امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم
شہر: کراچی
دنیا میں بے شمار انسان پیدا ہوۓ جس میں سے اکثر ایسے پیدا ہوۓ کہ ان میں کوئ کمال و خوبی نہیں اور بعض لوگ ایسے ہوۓ جو صرف چند خوبیاں رکھتے تھے مگر ان ہی میں سے خاص اللہ کے محبوب بندے ہیں جنھیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت نصیب ہوئ اور حالت ایمان میں اس دنیا سے ظاہری پردہ فرمایا اور صحابی کہلاۓ انھیں میں سے ایک ایسی عظیم شخصیت جنھیں دنیا مولا مشکل کشا حیدر کرار صاحب ذوالفقار شیر خدا داماد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم زوج نامدار سیدہ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا والد بزرگوار حسنین کریمین رضی اللہ عنہما خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم کے نام سے جانتی ہے جو کہ صاحب سخاوت بھی اور صاحب شجاعت بھی عبادت و ریاضت والے علم و حلم والے بھی فاتح خیبر بھی اور میدان خطابت کے شہسوار بھی غرض کہ آپ رضی اللہ عنہ کی ذات گرامی بے شمار کمالات و خوبیوں کی جامع ہیں آپ رضی اللہ عنہ کا نام علی بن ابی طالب اور کنیت ابو الحسن اور ابو تراب ہے آپ رضی اللہ عنہ نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا۔آپکی ولادت با سعادت 13رجب المرجب کو مکہ مکرمہ میں ہوئ اور آپ رضی اللہ عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساۓ میں پرورش پائی اور آنکھ کھلتے ہی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا جمال جہاں آراء دیکھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام سنا آپکی صحبت اختیار کی اور آپ رضی اللہ عنہ نے کبھی بت پرستی نہیں کی اس لئیے آپکا لقب کرم اللہ وجہہ الکریم ہوا۔

مرتضیٰ شیر حق اشجع الاشجعین
باب فضل و ولایت پہ لاکھوں سلام

آپ رضی اللہ عنہ کی شان و فضیلت یہ بھی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو ابو تراب کی کنیت عطا فرمائی اسکا واقعہ یہ ہے کہ ایک روز آپ مسجد میں آرام فرما تھے آپ کے جسم پر کچھ مٹی لگی ہوئ تھی اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لائے اور اپنے مبارک ہاتھوں سے آپکے بدن کی مٹی جھاڑتے ہوۓ فرمایا ( قم یا ابا تراب) یعنی اے مٹی والے! اٹھو اس روز سے آپکی کنیت ابو تراب ہوگئ جب کوئ بھی شخص آپ کو آپکی اس کنیت کے ساتھ پکارتا تو آپ بہت خوش ہوتے اور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے لطف و کرم کے مزے لیتے کیونکہ یہ کنیت حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آپکو عنایت فرمائ۔ مولا علی مشکل کُشا ، شیرِ خدا رضی اللہُ عنہ علمی اعتبار سے صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم میں ایک خاص مقام رکھتے تھے اور کیوں نہ رکھتے ہوں کہ خود نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے آپ کی علمی شان بیان کرتے ہوئے آپ کو علم و حکمت کا دروازہ فرمایا ہے۔چناچہ حدیث مبارکہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا اَنَا مَدِیْنَۃُ الْعِلْمِ وَعَلِیٌّ بَابُھَا( یعنی میں علم کا شہر ہوں اور علی اُس کا دروازہ ہیں)۔ حضرت سیّدُنا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے میرے سینے پر ہاتھ رکھ کر یوں دعا کی 🙁 اَللّٰهُمَّ اِمْلَأْ قَلْبَهٗ عِلْماً وَفَهْماً وَحِكَماً وَنُوراً ) یعنی اے اللہ! علی کے سینے کو علم ، عقل و دانائی ، حکمت اور نور سے بھر دے۔ نبیِّ کریم ، رَءُوْفٌ رَّحیم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مجھے علم کے ایک ہزار باب سکھائے اور میں نے ان میں سے ہر باب سے مزید ایک ہزار باب نکالے۔آپ رضی اللہُ عنہ سے 586 احادیثِ مبارکہ مروی ہیں جو کتبِ احادیث میں اپنی خوشبوئیں بکھیر رہی ہیں۔آپ رضی اللہُ عنہ قراٰنِ کریم کی آیات کے بارے میں جانتے تھے کہ کون سی آیت کب اور کہاں نازِل ہوئی ہے۔ چنانچہ منبعِ علم و حکمت ، مولائے کائنات حضرت سیّدُنا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہُ عنہ نے فرمایا : مجھ سے قراٰنِ کریم کے بارے میں پوچھو ، بے شک میں قراٰنِ پاک کی ہر آیت کے بارے میں جانتا ہوں کہ وہ رات میں نازِل ہوئی ہے یا دن میں ، ہموار زمین پر نازِل ہوئی یا پہاڑ پر۔ ایک مقام پر مولا علی مشکل کُشا رضی اللہُ عنہ نے فرمایا : اللہ پاک کی قسم! میں قراٰنِ کریم کی ہر آیت کے بارے میں جانتا ہوں کہ وہ کب اور کہاں نازِل ہوئی ہے اور کس کے بارے میں نازِل ہوئی ہے۔حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
’’ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر تھے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں سوال کیا گیا تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: حکمت دس حصوں میں تقسیم کی گئی، نو حصے علی علیہ السلام کو دیئے گئے اور ایک حصہ باقی تمام لوگوں کو دیا گیا۔
اس کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے دلوں میں حب حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم میں اضافہ ہو اور آپکی شان و عظمت کو جان سکے اللہ پاک ہمیں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے دلوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کہ سچی محبت و الفت پیدا فرماۓ آمین یا رب العالمین

شیر شمشیر زن شاہ خیبر شکن
پر تو دست قدرت پہ لاکھوں سلام


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International