تازہ ترین / Latest
  Monday, October 21st 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

مریم نواز شریف سے علاج کے لیے مالی امداد کی درخواست

Articles , Snippets , / Sunday, May 12th, 2024

کالم نگار:محمد شہزاد بھٹی

بہاولنگر کی دھرتی اہل وفا کی دھرتی ہے۔ اہل وفا کا ذکر ہو اور لیگی کارکن رمضان جانی کا نام نہ آئے تو یہ بہت بڑی زيادتی ہو گی۔ لیگی کارکن رمضان جانی وہ شخصیت ہیں، جنہیں پاکستان مسلم لیگ ن سے عشق جنون کی حد تک ہے۔ وہ عروج و زوال میں ہمیشہ اپنی پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ بہاولنگر محلہ امیر کوٹ کے رہائشی معروف ن لیگی کارکن محمد رمضان جانی جو عرصہ تیس سال سے ن لیگ سے وابستہ ہیں۔ جنہوں نے اپنی جوانی پارٹی کی نذر کر دی اور ہمیشہ ایک ایکٹو ورکر ہونے کا کردار ادا کیا، وہ ممبر صوبائی کونسل بھی رہے، تحریک نجات ہو یا قرض اتارو، ملک سنوارو تحریک ہو یا ججز بحالی کی تحریک ہو وہ ان سب تحریکوں میں پیش پیش رہے حتی کہ پرویز مشرف دور میں وہ اپنی پارٹی کی خاطر جیل بھی گئے مگر لیگی کارکن رمضان جانی نے کسی چیز کو بھی پارٹی سے وفاداری اور قائد میاں محمد نواز شریف کی محبت کے آڑے نہیں آنے دیا۔ لیگی کارکن رمضان جانی عرصہ تین سال سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں، ہفتے میں دو بار ڈیائلسیز کروانا پڑتا ہے علاج معالجے کے سلسلہ میں دکان، مکان اور تمام قیمتی سازو سامان تک بک گیا ہے۔چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، وہ کرائے کے ایک چھوٹے سے مکان میں رہنے پر مجبور ہیں، یہ بچے عام بچوں کی طرح ناز و نخرے اور کھلونوں کی فرمائشیں تو نہیں کرتے بلکہ ان کی بس یہی ایک خواہش ہوتی ہے کہ پیٹ بھرنے کے لیے کھانے کو کچھ میسر آ جائے۔ باپ کی بیماری اور گھر کے حالات نے ان بچوں کے ہونٹوں سے مسکراہٹ تک چھین لی ہے، کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔ پاکستان میں اگر غربت اور بیماری ایک ساتھ کسی گھر میں داخل ہو جائے، کمانے والا بھی کوئی نہ ہو، مکان بھی کرائے کا ہو تو اس کے مکین جس کرب اور اذیت سے گزر رہے ہوتے ہیں یقینا اس کا اندازہ آپ نہیں کر سکتے۔ ن لیگی کارکن محمد رمضان جانی بستر مرگ پر کسی مسیحا کے منتظر ہیں، انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے علاج کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے، ن لیگی کارکنوں کی جانب سے کئی روز سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز، پرنٹ میڈیا پر ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔ جس میں بہاولنگر کے ن لیگی کاركنان وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے بہاولنگر کے ن لیگی کارکن محمد رمضان جانی جو گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں ان کےعلاج کیلئے مدد کی اپیل کر رہے ہیں حتی کہ الیکٹرانک میڈیا کے بعض چینلز بھی اس کو رپورٹ کر چکے ہیں، بالاخر آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچی گئی اور لیگی کارکن محمد رمضان جانی کو یکم اپریل کو وزیراعلی سیکٹریٹ سے کال موصول ہوئی اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کو ایک لیٹر جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ویریفکیشن کر کے بتایا جائے کہ یہ بندہ امداد اور سرکاری خرچ پر اعلی علاج کا مستحق ہے یا نہیں اور پھر اس سے اگلے روز ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے ایک پٹواری کو اپنے نمائندے کی حیثیت سے لیگی کارکن محمد رمضان جانی کے گھر بھیجا جو ہر لحاظ سے اپنی ویریفکیشن مکمل کرنے کے بعد اور چند ضروری ڈاکومنٹ نے لے کر واپس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر آ جاتا ہے، پھر ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر سے وزیراعلی سیکٹریٹ کو لیگی کارکن رمضان جانی کے بارے میں کی گئی ویریفکیشن سے آگاہ کر دیا جاتا ہے اور پھر سرکاری امداد کا ایک ماہ تک انتظار کیا جاتا ہے ہر نئے دن کا آغاز اس امید کے ساتھ کیا جانے لگا شاید آج کوئی خوشخبری مل جائے، آخرکار وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے نام ایک خط سیون کلب GOR-1 روڈ لاہور کے پتہ پر ارسال کیا جاتا ہے۔ یاد رہے، یہ خط یکم اپریل کو لیے گئے نوٹس و وزیراعلی سیکٹریٹ سے لیگی کارکن رمضان جانی کو آنے والی کال کی یاد دہانی کے لیے اور مالی امداد جاری کرنے کی درخواست کرنے کے لیے لکھا گیا مگر تاحال کوئی رسپانس نہیں مل سکا؟ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے بہاولنگر کے تمام لیگی کارکنان، بالخصوص تین سال سے گردوں کے عارضے میں مبتلا لیگی کارکن رمضان جانی اور ان کی فیملی نے فوری طور پر علاج معالجے کے لیے مالی امداد جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ امید ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اس پر عمل درآمد کو جلد از جلد یقینی بنائیں گی۔ اللہ کریم ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International