الثقافہ بحرین کے زیر اہتمام “ماہنامہ بحرین” کے خصوصی شمارے کی ایک پُروقار تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور نمائندہ خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ یہ شمارہ معروف شاعر اجمل سراج کی یاد میں ترتیب دیا گیا تھا، جس کا اجرا بحرین کی ادب نواز شخصیات محترم الطاف عظیم (چیئرمین الثقافہ بحرین) اور معروف شاعر محترم احمد عادل (ٹریژرار الثقافہ بحرین) نے اپنے دست مبارک سے کیا۔
تقریب میں مدیر اعلیٰ ماہنامہ بحرین، محترم خرم عباسی، مدیر محترم ریاض شاہد، اور معاونین ادارتی ٹیم، محترم سعید سعدی، محترم اسد اقبال، اور بحرین کے معروف شاعر محترم اقبال طارق بھی موجود تھے۔
تقریب کی رونق میں پاکستان ایمبیسی بحرین کے فرسٹ سیکریٹری محترم نوید شہزاد اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محترمہ طاہرہ سلیم نے خصوصی شرکت کی اور اردو مرکز بحرین اس ماہنامہ بحرین کے شمارے اور تقریب کے معیار کو بھرپور سراہا۔
خرم عباسی نے رسالے کی تیاری اور اشاعت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی زبان و ادب کے فروغ میں رسائل و جرائد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بحرین میں اردو زبان و ادب کی ترقی اور اسے گھر گھر پہنچانے کے لیے ماہنامہ بحرین کا اجرا کیا گیا ہے۔ آج کے جدید دور میں الیکٹرانک کتب اور رسائل کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ یہ آسانی سے دستیاب اور قابل رسائی ہیں۔
آخر میں، خرم عباسی نے امید ظاہر کی کہ یہ خصوصی شمارہ اجمل سراج کی یاد کو زندہ رکھے گا اور بحرین میں اردو ادب کے شائقین کے لیے ایک نئی تحریک کا آغاز کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہنامہ بحرین کا مقصد اردو زبان کی ترویج و ترقی کے اس سفر کو مسلسل جاری رکھنا ہے، اور اردو مرکز بحرین کے ذریعے اس ادب کو نئی نسل تک پہنچانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
Leave a Reply