تازہ ترین / Latest
  Monday, December 23rd 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

پاکستان ایک زرعی ملک اور اناج کا بحران

Green Pakistan - گرین پاکستان , Snippets , / Thursday, November 14th, 2024

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی

مملکت خدادا د پاکستان جسے ایک زرعی ملک ہونے کا اعزاز حاصل ہے، طویل عرصے سے اپنی وافر زرخیزی کے باعث گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار میں خودکفیل رہا ہے۔ لیکن بعض سابقہ حکومتوں کی جانب سے ان اجناس کی خریداری، ذخیرہ اندوزی اور منصفانہ تقسیم کے معاملات میں ناکامی کی وجہ سے غذائی تحفظ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ فصلوں کی بروقت خریداری اور مناسب قیمتوں کی فراہمی کا فقدان ہمیشہ سے ہی کسانوں کے لئے ایک مسئلہ رہا ہے، جو کہ پاکستانی زراعت کے مستقل بحران کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔
پاکستان کا زرعی نظام قیام پاکستان کے بعد سے ہی چند بنیادی مسائل کا شکار رہا ہے۔ کسانوں کی زمینوں پر دسترس، قرضوں کا بوجھ، جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی اور مناسب مارکیٹ تک رسائی نہ ہونے کے باعث کسان کافی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان مسائل کے ساتھ ذخیرہ اندوزی کا ناکافی انتظام اور موسمیاتی تبدیلیاں بھی شامل ہیں جو ملک میں زرعی شعبے پر گہرے اثرات ڈال رہی ہیں۔ یہ مسائل کئی دہائیوں سے موجود ہیں لیکن ان کا مستقل حل نکالنے میں حکومتیں ہمیشہ سے ہی ناکام رہی ہیں۔
1970 اور 1980 کی دہائیوں میں حکومتی پالیسیوں نے کچھ حد تک زرعی پیداوار میں بہتری لانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم بعد میں حکومتی سطح پر بے ضابطگیاں اور نااہلی حد سے بڑھنے لگی، جس نے زراعت کو ایک کمزور معیشتی ستون بنا دیا۔ زرعی پیداوار میں خود کفالت کی بجائے بیرونی انحصار بڑھتا گیا اور نجی شعبے کی جانب سے غذائی اجناس کی درآمد میں اضافہ ہوا جس سے زرعی بحران مزید پیچیدہ ہو گیا۔
آج پاکستان کا کسان مہنگی کھاد، بیج، پانی، ڈیزل اور بجلی جیسے وسائل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے کافی پریشان ہیں۔ یہ قیمتیں گزشتہ دو سالوں میں کئی گنا بڑھ چکی ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گندم کی قیمت کسانوں کو پوری طرح نہیں مل رہی۔ اسی وجہ سے کسان اگلے ربیع سیزن میں گندم کاشت کرنے سے ہچکچاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سپلائز کارپوریشن (پاسکو) جو گندم کے ذخائر برقرار رکھنے اور قیمتوں کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے خود ایک بدانتظامی کا شکار ہے۔ حالیہ نگران حکومت کے دوران ملک میں وافر مقدار میں گندم کی موجودگی کے باوجود نجی شعبے کو لاکھوں ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔ اس اقدام سے قومی خزانے کو کم از کم تین سو ارب روپے کا نقصان پہنچا اور غذائی اجناس کے ذخیرہ اندوزی کے بحران کو مزید ہوا ملی۔ اس معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آئی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے بھی سینیٹر ایمل ولی خان کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے جس کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
زرعی نظام کے بنیادی ڈھانچے میں مسائل اور نااہلی کے باعث گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار میں کمی ہونے لگی ہے۔ کسانوں کو نہ صرف اپنی محنت کا منصفانہ معاوضہ نہیں ملتا بلکہ قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث وہ غذائی اجناس کی پیداوار پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ اس صورتحال میں غذائی تحفظ کے لیے ایک منظم پالیسی اور کسانوں کے لیے مؤثر معاوضے کے نظام کا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ ملک میں غذائی قلت اور زرعی شعبے کے مسائل کو مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔
پاکستان کی زرعی پالیسی میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف کسانوں کی مشکلات حل ہوں بلکہ غذائی اجناس کے ذخائر بھی محفوظ کیے جا سکیں۔ ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاسکو جیسے ادارے کو مؤثر بنایا جانا ضروری ہے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مراعات دی جائیں تاکہ ان کی پیداوار اور معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔
*ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق خیبرپختونخوا چترال سے ہے آپ اردو، انگریزی اور کھوار زبان میں لکھتے ہیں ان سے اس ای میل rachitrali@gmail.com اور واٹس ایپ نمبر 03365114595 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International