rki.news
رپورٹ مہوش ظفر (برلن، جرمنی)
پاکستان نے یورپ میں ہونے والی بین الاقوامی ٹیکنالوجی نمائش Gi ٹیکس یورپ 2025 میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنے عزم و صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ سفیر پاکستان برائے جرمنی، ثقلین سیدہ نے برلن میں منعقدہ اس عالمی نمائش میں پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کیا، جہاں 20 ممتاز پاکستانی آئی ٹی اور ٹیک کمپنیوں نے شرکت کی۔
یہ نمائش 21 مئی سے 23 مئی تک جاری رہے گی اور اسے مشرق وسطیٰ کے شہر دبئی سے منتقل کر کے یورپی دارالحکومت برلن میں منعقد کیا گیا ہے۔ Gi ٹیکس یورپ کو ٹیکنالوجی اور اختراع (Innovation) کے امتزاج کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں 100 سے زائد ممالک کے 6,000 ایگزیبیٹرز شریک ہیں۔
افتتاح کے موقع پر جرمنی میں سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “یہ پاکستان کے ڈیجیٹل سیکٹر کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ یہاں ہماری موجودگی ملک کی جدید ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا عملی ثبوت ہے۔”
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ شہباز حمید کا کہنا تھا “ہم اس بڑی بین الاقوامی نمائش میں 100 سے زائد پاکستانی ڈیلیگیٹس کے ساتھ شریک ہیں، جو ہمارے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔”
نمائش میں شریک پرائیویٹ آئی ٹی ایکسپرٹس نے بھی پاکستان پویلین میں اپنی مصنوعات کی نمائش کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا “ہم اپنی انوویٹیو پروڈکٹس کے ساتھ اس نمائش کا حصہ بنے ہیں جہاں دنیا بھر کے ماہرین اور خریدار موجود ہیں۔ یہ ہمارے لیے عالمی سطح پر نیٹ ورکنگ اور بزنس کے مواقع حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔”
پاکستان کی شرکت نہ صرف ملکی ٹیک سیکٹر کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا مظہر ہے بلکہ یہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی آئی ٹی ایکسپورٹس کو فروغ دینے کی ایک مؤثر کوشش بھی ہے۔
Leave a Reply