rki.news
پریس ریلیز 14نومبر 2025
وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جاری گندم اگاؤ مہم آج اپنے آٹھویں روز میں داخل ہوگئی، جبکہ اس دن کو خصوصی طور پر فارمرز ڈے کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی ملتان کے اساتذہ اور طلبہ نے ضلع بھر کے مختلف گاؤں اور کھیتوں کا دورہ کیا اور کسانوں کے ساتھ براہِ راست ملاقاتیں کیں۔ فارمرز ڈے کے حوالے سے آج کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد کسانوں کی حوصلہ افزائی، ان کے مسائل کا مشاہدہ، اور جدید گندم پیداواری سفارشات کی عملی ترسیل تھا۔ ٹیموں نے کسانوں کو بروقت کاشت، صحت مند بیج کا درست استعمال، بیماریوں سے مزاحم اقسام، متوازن کھادوں کی مقدار، پانی کے محفوظ استعمال، اور مربوط کیڑے مینجمنٹ (IPM) کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ آج کے دن طلبہ نے وزیراعلیٰ پاور گرین ٹریکٹر اسکیم کے مراکز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹریکٹر وصول کرنے آئے ہوئے کسانوں سے بات کی اور انہیں پائیدار گندم پیداوار کے جدید طریقوں پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔ کسانوں نے اس رابطہ مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلبہ کی موجودگی انہیں نیا حوصلہ دیتی ہے اور اس سے ان کا زرعی علم بھی بہتر ہوتا ہے۔گندم اگاؤ مہم کے تحت آج بھی ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، علی پور، جہانیاں، کبیر والا اور دیگر علاقوں میں کسان میٹنگز، روڈ شوز، آگاہی سیشنز اور فیلڈ ڈیمانسٹریشنز منعقد کیے گئے۔ محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران بھی ان سرگرمیوں میں شریک ہوۓ اور کسانوں کو حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں، مناسب ٹیکنالوجیز، اور بہتر منافع کے راستوں کے بارے میں آگاہ کرتے رہے۔فارمرز ڈے کے موقع پر کسانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جدید سفارشات پر عمل کر کے نہ صرف اپنی پیداوار بڑھائیں گے بلکہ پنجاب کی غذائی سلامتی میں بھی اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ مہم کے آٹھویں روز کی سرگرمیوں نے کسان–یونیورسٹی–توسیع محکمے کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کیا۔
ریاض احمد ہراج
ترجمان زرعی یونیورسٹی ملتان
Leave a Reply