rki.news
آہ، جنابِ ارشاد خاں سکندر
باخبر ذرائع کی اطلاع کے مطابق، شاعر و ڈرامہ آرٹسٹ جنابِ ارشاد خاں سکندر کا دہلی میں بتاريخ 18 مئی 2025 کو بعمر محض 42 سال انتقال ہوگیا-
انا للہ وانا الیہ راجعون
ارشاد خاں سکندر عام سے نقوش رکھتے تھے، محنتی شاعر و ڈرامہ آرٹسٹ تھے،انہیں گاؤں سے ہجرت عشق اور نا مساعد مالی حالات نے سخت پریشان رکھا تھا، زندگی کے میدان کارزار میں اخیر وقت تک ڈٹے رہے، ایک مجموعہء کلام “آنسوؤں کا ترجمہ” شائع کروایا- ریختہ ویب سائٹ سے وابستہ قد آور شاعر جناب فرحت احساس نے اس کتاب کی تَقْرِیظ میں اعتراف کیا ہے کہ ابتدائی ایام میں انہوں نے ارشاد خاں سکندر کے اشعار کی کتر بیونت اور جوڑ گھٹاو میں مدد فراہم کی، اور ارشاد نے بہت جلد فن شاعری پر قابو پالیا-
بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، قطعہ کے آخری مصرع سے بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ 2025 عیسوی حاصل ہوتی ہے.
اس امید کے ساتھ ارسال کر رہا ہوں کہ یہ قطعہ جہاں تک پہنچے وہاں تک مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا محرک بنے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمام لواحقین، محبین اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
قطعہء تاریخِ وفات
برائے
جنابِ ارشاد خاں سکندر
محنت کشی کا خوگر-صبر و رضا کا پیکر
ارشاد خاں سکندر-اک شاعرِ دلاور
شاید رہا تھا اس کا – رنج و الم مقدر
پنہاں ہے شاعری میں-دکھ درد کا سمندر
سیلاب آنسوؤں کا-تفسير شاعری کی
طوفانِ اشکِ غم پر- کل شاعری نچھاور
بس ریختہ سے رشتہ- فرحت نظیر احساس
دکھ تاپ زندگی تھی – مسرور تھا سخنور
نایاؔب نے کہی ہے-تاریخِ مرگِ ارشاد
:والا نسب قلندر- ارشاد خاں سکندر:
*عیسوی2025
دعا گو
مظفر نایابؔ
دوحہ قطر
Leave a Reply