آہ، سُلَیمان خُمار
ادب دوست حضرات کی اطلاع کے مطابق ریاست کرناٹکا کے ممتاز و معروف شاعر جناب سُلَیمان خُمار آج صبح یعنی 05 اگست 2024 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے-
انا للہ وانا الیہ راجعون.
جناب سُلَیمان خُمار اچھے شاعر تھے، وہ حلیم الطبع دوستوں سے محبت رکھنے والے انسان تھے، نظم کے حوالے سے معروف تھے، مرحوم کی کچھ کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، تیسرا سفر (، شعری مجموعہ) 1981، سمندر جاگتا ہے، (شعری مجموعہ) 2009، پیکرِ نور (حمد و نعت کا مجموعہ) زیرِ ترتیب، دشتِ جنوں (شعری مجموعہ) زیرِ ترتیب ہے- جناب سلیمان خمار انتقال کے ساتھ اردو دنیا ایک مخلص خدمت گار سے محروم ہو گئی-
بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، دونوں قطعات کے آخری مصرع سے بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ بالترتیب 2024 عیسوی اور 1446 ہجری حاصل ہوتے ہیں.
اس امید کے ساتھ ارسال کر رہا ہوں کہ یہ قطعہ جہاں تک پہنچے وہاں تک مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا محرک بنے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمام لواحقین اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ آمین
:قطعہء تاریخ وفات:
:برائے سُلَیمان خُمار
شہرِ اُردو کے ہو تم نظم نگار
گلشنِ شعر و سخن کی ہو بہار
دیکھو نایاؔب ہے تاریخِ وفات
:گلبنِ فیض سُلَیمان خُمار:
2024 عیسوی
:قطعہء تاریخ وفات:
:برائے سُلَیمان خُمار
شاعرِ نیک صفت حِلم شعار
گلشنِ شعر کے تم عِزّو وَقار
خوب، نایاؔب ہے تاریخِ وفات
:شاہدِ عَدل سُلَیمان خُمار:
1446 ہجری
دعا گو
مظفر نایاؔب
دوحہ قطر
Leave a Reply