Share on WhatsApp

Today ePaper
Rahbar e Kisan International

ادب نواز شخصیت نوید احمد کے دولت خانے پر ایک یادگار شعری نشست

Events - تقریبات , Snippets , / Thursday, January 8th, 2026

rki.news

رپورٹ:
محمد مشیرالدین

قطر میں گزشتہ شب ادب نواز شخصیت نوید احمد رکن مجلس استقبالیہ حلقہء ادب اسلامی قطر و عالمی کاروان ادب، کے دولت خانے پر معروف شاعر شاد اکولوی کی صدارت اور ممتاز شاعر مظفر نایاؔب کی نظامت میں ایک یادگار ادبی شعری نشست منعقد ہوی جس میں ہندوستان سے تشریف لائے مشہور شاعر فراز ادیبی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور قطر میں اردو ادب سے گہری وابستگی رکھنے والے شعرا، ادبا اور معزز مدعو شخصیات نے شرکت کی۔ میزبان نوید احمد و علیم احمد اور ان کے رفیق محمد قیصر نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا-
میزبان نوید احمد نے حلقہء ادب اسلامی قطر کی تازہ میعاد کے لئے دوسری مرتبہ منتخب صدر مظفر نایاؔب کو اور ان کی ٹیم بشیر عبد المجید، عامر شکیب، شیخ فاروق، مشیرالدین، خبیب کاظمی اور فتح شریف وغیرہ کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کی- نوید احمد نے حلقے کے صدر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد کے ساتھ ساتھ تنظیمی استحکام، ادبی خدمات اور مسلسل سرگرمیوں کا اعتراف بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ آئندہ بھی ادب کے فروغ میں اپنا کردار پوری سنجیدگی سے ادا کرتا رہے گا۔
تقریب کی مسند صدارت سے معروف ادبی شخصیت شاد اکولوی نے اپنے صدارتی خطاب میں ادب کی سماجی اہمیت، تخلیقی ذمہ داری اور اہلِ قلم کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مظفر نایاؔب نے بہت ہی خوبصورت انداز میں انجام دیے، جن کی برجستہ، شگفتہ اور رواں نظامت نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ انہوں نے مہمانوں کا تعارف خوش اسلوبی سے کیا اور شعرا کے کلام کے درمیان بہترین ربط قائم رکھا۔
اس خوبصورت اور خصوصی ادبی شعری نشست کے انعقاد میں ادب نواز شخصیت نوید احمد کی محنت اور دلچسپی نمایاں رہی۔ انہوں نے نہایت سلیقے، حسنِ انتظام اور ادبی ذوق کے ساتھ پروگرام ترتیب دیا۔ تقریب کے دوران روایتی مگر پُروقار انداز میں تقریب کے صدر و مہمانان گلپوشی و شال پوشی کی گئی اور تحائف پیش کئے گئے-
شعری نشست میں مدعو شعرا نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ جن کی غزلوں اور نظموں نے سامعین کو محظوظ کیا اور کئی مقامات پر بھرپور داد و تحسین کی آوازیں بلند ہوئیں۔ شعراء کے کلام میں فکری گہرائی اور زبان کی چاشنی نے محفل کو ایک حقیقی ادبی جشن میں بدل دیا، ناظم نشست نے تاریخی صنف سخن قطعہء تاریخ کا ایک خوبصورت نمونہ بھی پیش کیا۔ جن شعراء نے کلام پیش کیا ان کے اسمائے گرامی ہیں، صدر محفل شاد اکولوی، مہمان خصوصی فراز ادیبی، منصور اعظمی، مظفر نایاؔب، ڈاکٹر وصی الحق، جمشید انصاری, فیاض بخاری کمال اور مشیرالدین وغیرہ، اس خصوصی ادبی شعری نشست میں شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانان حامد سلمان زنبولی اور صادق حسین نے بھی منتخب شعراء کا کلام پیش کیا، تقریب کے اختتام پر شرکا کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس کے ساتھ یہ ادبی نشست خوشگوار یادوں کا سرمایہ بن کر اختتام پذیر ہوئی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International