31 جولائی 2024ء
پریس ریلیز
بڑا بھاری نقصان ہے۔انا للہ و انا الیہ راجعون ! (شجاع الدین شیخ)
لاہور (پ ر): اسماعیل ہنیہ کی شہادت پوری اُمت مسلمہ کے لیے بہت بڑا نقصان ہے انا للہ و انا الیہ راجعون! یہ بات تنظیم اسلامی کے
امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر 2023ء کو فلسطینی مسلمانوں کے خلاف شروع کی گئی بدترین اسرائیلی درندگی میں جہاں عام مسلمانوں کو بڑے پیمانے پر شہید کیا جا چکا ہے وہیں ناجائز صہیونی ریاست دہشت گردی کا کھُلم کھُلا ارتکاب کرتے ہوئے دیگر مسلمان ممالک میں تحریکِ مزاحمت حماس کی قیادت اور رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ بھی کر رہی ہے۔ گزشتہ تقریباً ساڑھے نو ماہ کے دوران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے 60 افراد کو شہید کر دیا گیا تھا جن میں اُن کی ہمشیرہ، 3 بجے اور 5پوتے اور پوتیاں بھی شامل تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسماعیل ہنیہ نے ہزاروں فلسطینی مسلمانوں کی طرح جامِ شہادت نوش کرکے اُخروی کامیابی حاصل کر لی ہے اور غزہ کے مجاہدین کا خون
تحریکِ مزاحمت کو نئی قوت اور طاقت بخشے گا۔ ان شاء اللہ! اُنہوں نے سوال اُٹھایا کہ جب اسرائیل کی جانب سے حماس کی اعلیٰ قیادت کی
ٹارگٹ کلنگ کی دھمکی سب کے علم میں تھی تو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر
فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کیو ں نہیں کیا گیا؟ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکیورٹی کی اس بدترین ناکامی کی مکمل اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل بدترین دہشت گردی پر اُتر آیا ہے اور جنگ کا دائرہ بڑھا کرپوری دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ اب لازم ہوچکا ہے کہ مسلمان ممالک متحد ہو کر بڑھتی ہوئی اسرائیلی درندگی کو روکنے اور فلسطینی عوام و مسجدِ اقصیٰ کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات اُٹھائیں تاکہ دنیا میں مزید ذلت و رسوائی سے بھی بچا جا سکے اور آخرت میں اللہ کے ہاں مجرم قرار پانے سے بھی محفوظ رہیں۔ اللہ تعالیٰ اسماعیل ہنیہ اور غزہ کے تمام شہداء کو جنت الفردوس عطا فرمائے اور شہید اسماعیل ہنیہ کی صلبی اور معنوی اولاد کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ آمین!
جاری کردہ
خورشید انجم
مرکزی ناظم نشرو اشاعت، تنظیم اسلامی پاکستان
Leave a Reply