Today ePaper
Rahbar e Kisan International

البرہان اسلامک انسٹیٹیوٹ نیلور کیمپس رائل سٹی اسلام آباد میں نماز کی عملی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ، طالب علموں نے علامہ مفتی رمضان کو خراج تحسین پیش کیا

Events - تقریبات , Snippets , / Monday, June 30th, 2025

rki.news

اسلام آباد ( عبدالہادی قریشی)

البرہان اسلامک انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری ملک گیر “بنیادی علم دین کورس” کے سلسلے میں 29 جون 2025 بروز اتوار نیلور کیمپس رائل سٹی میں ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز عالم دین حضرت علامہ مولانا مفتی رمضان صاحب نے خصوصی شرکت کی اور نماز کی عملی تربیت فراہم کی۔

ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز دوپہر 12 بجے ہوا جس میں مختلف عمر کے افراد، حتیٰ کہ 70 سال تک کے بزرگ طلباء نے بھی جوش و جذبے سے شرکت کی۔ حضرت مفتی رمضان نے نماز کے تمام بنیادی ارکان جیسے قیام، رکوع، سجدہ، تشہد، اور سلام تک کی مکمل مشق کروائی۔ انہوں نے قرآن مجید سے منتخب آیات، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منقول مستند دعائیں اور نماز میں ہاتھ، پاؤں اور نگاہ کی درست پوزیشن پر بھی مفصل رہنمائی فراہم کی۔

مفتی رمضان نے وضو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “نماز سے قبل طہارت یعنی وضو کا اہتمام فرض ہے، کیونکہ نماز خالصتاً اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے اور اس میں پاکیزگی بنیادی شرط ہے۔” انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ نماز کو صرف رسم نہ سمجھا جائے بلکہ شعور اور دل کی حاضری سے ادا کیا جائے۔

ورکشاپ کے دوران مفتی صاحب نے طلباء کو منظم انداز میں قطار بندی کروا کر باجماعت نماز سکھائی۔ اس موقع پر طلباء نے بھی اپنی آراء کا اظہار کیا۔ ایک طالب علم نے کہا: “نماز جنت کی چابی ہے”، دوسرے نے کہا: “نماز انسان کو فحاشی اور برائی سے روکتی ہے”، جبکہ کسی نے یاد دلایا کہ “روزِ قیامت سب سے پہلا سوال نماز کے بارے میں ہوگا”۔

ورکشاپ کا اختتام دوپہر 12:50 بجے دعا کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس کامیاب تربیتی نشست پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا: “اللہ تعالیٰ حضرت مفتی رمضان کو صحت و سلامتی عطا فرمائے اور ان کی عمر میں برکتیں عطا کرے، آمین۔”

واضح رہے کہ البرہان اسلامک انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام جاری “بنیادی علم دین کورس” کا مقصد عوام الناس بالخصوص نوجوان نسل کو دینی شعور سے آراستہ کرنا اور عملی عبادات میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International