Today ePaper
Rahbar e Kisan International

انڈیا پاکستان کی حالیہ جنگ بندی۔۔فاتح کون؟

Articles , Snippets , / Wednesday, May 14th, 2025

rki.news

کالم : عشرت معین سیما

انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ سوال اٹھتا ہے کہ “فاتح کون ہے؟
اس سوال کا جواب اگر شفاف اور غیر جانب دارانہ دیکھا جائے تو دونوں ممالک کے سربراہان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ جنگ جیت لی ہے۔ بھارت کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر اپنی فوجی برتری ثابت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف سخت پیغام دیاہے ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے دہشت گردی کی حمایت جاری رکھی تو بھارت دوبارہ کارروائی کرے گا۔ اس کے برعکس پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جنگ بندی کو پاکستان کی “تاریخی فتح” قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے دیا ہے۔ تاہم، حقیقت یہ ہے کہ دونوں ممالک نے اس تنازعے کو اپنی اپنی کامیابی کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جبکہ بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ جنگ بندی کسی واضح فاتح کے بغیر ختم ہوئی ہے۔
اگر اس حالیہ جنگ کے پس منظر میں اس چپقلش اور جنگی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے تو بنیادی طور پر یہ کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب رواں سال بائیس اپریل کو پاہلگام، کشمیر میں ایک دہشت گرد حملہ ہوا، جس میں چھبیس معصوم افراد ہلاک ہوئے۔ اس دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت پاکستان نے بھی کی لیکن اس کے جواب میں بھارت نے “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کے اندر مبینہ دہشت گردی کے ڈھانچوں پر فضائی حملے کر دیے۔ جس کے لیے دفاعی سطح پرپاکستان نے جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی طیارے مار گرانے اور بھارتی فوجی تنصیبات پر میزائل حملے کرنے کا دعویٰ کیا۔ تقریباً سترہ اٹھارا دنوں تک پاکستان اور ہندوستان کی سرحدوں پر سخت تناؤ دیکھنے میں آیا۔ دونوں ممالک نے اپنی سرحدوں کی پابندی کو توڑتے ہوئے ایک دوسرے کو للکارا اور فضائی حملے کر ڈالے۔ جس کے نتیجے میں کئی معصوم ہلاکتیں وقوع پزیر ہوئیں۔ سرحدی تناؤ کی وجہ سے قومی اور بین القوامی پروازیں بھی روک دی گئیں اور دونوں ممالک کو خاطر خواہ نقصان اٹھانا پڑا۔
دس مئی دو ہزار پچیس کو امریکہ کی ثالثی طور پراپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مکمل جنگ بندی پر اتفاق رائے کروایا ۔ جنگ کے اختتام پر پاکستان نے اس جنگ بندی کو سفارتی فتح قرار دیا، جبکہ بھارت نے بھی اسے اپنی فوجی برتری کہہ کر خود کو فاتح کہا ۔
اس حوالے سے بین القوامی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ تنازعہ کسی واضح فاتح کے بغیر ختم ہوا ہے۔ بھارت نے دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کی، لیکن بین الاقوامی ثالثی کو قبول کرنا اس کی خودمختاری کے بیانیے کے خلاف گیا۔ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت اور سفارتی کامیابی کو اجاگر کیا، لیکن اقتصادی دباؤ کے باعث اس کی پوزیشن کمزور رہی ۔
حقیقت یہی ہے کہ یہ جنگ بندی دونوں ممالک اور اُن کے عوام کے لیے وقتی سکون کا باعث ہے، لیکن کشمیر کا مسئلہ اور دہشت گردی کے الزامات بدستور موجود ہیں۔ لہٰذا، یہ کہنا مشکل ہے کہ کوئی ایک فریق فاتح ہے؛ دونوں نے اپنی اپنی کامیابیوں کو اجاگر کیا ہے، جبکہ اصل چیلنجز ابھی باقی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International