rki,.news
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان
پریس ریلیز 12دسمبر 2025
ملتان۔ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں “سائبر اسپیس اور انتہا پسندی: ایک مضبوط پاکستان کی تشکیل” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (PCE-CVE)، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور زرعی یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ سیمینار کا اہتمام آفس آف دی سینئر ٹیوٹر نے کیا، جبکہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی، ینگ اسٹوڈنٹس پیس سوسائٹی اور دیگر علمی و ادبی سوسائٹیز نے اس میں بھرپور حصہ لیا۔تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی، انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل کو درپیش آن لائن خطرات، ڈیجیٹل دور میں بڑھتے ہوئے انتہا پسندانہ بیانیوں اور سائبر سکیورٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار ایک مضبوط اور پرامن پاکستان کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، ڈی سی او – پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم تھے۔ انہوں نے اپنے تفصیلی خطاب میں سائبر اسپیس میں انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحانات، آن لائن ریڈیکلائزیشن، اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل پروپیگنڈہ سے درپیش چیلنجز پر گفتگو کی۔
انہوں نے طلباء کو سائبر اسپیس میں محفوظ رہنے، انتہا پسندانہ بیانیے کی شناخت، اور آن لائن ذمہ دارانہ رویوں کے فروغ کے بارے میں مفید تجاویز دیں۔ مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں شدت پسندی کے خلاف جنگ میدانِ جنگ کے بجائے ذہنوں اور اسکرینوں پر لڑی جا رہی ہے، جس میں نوجوانوں کا باشعور اور ذمہ دارانہ کردار نہایت اہم ہے۔
تقریب میں شریک طلباء اور فیکلٹی ممبران نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اور سینئر ٹیوٹر آفس کی جانب سے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا گیا۔
ریاض احمد ہراج
ترجمان زرعی یونیورسٹی ملتان
Leave a Reply