rki.news
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان
پریس ریلیز 28اکتوبر 2025
ملتان۔ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پلاسٹک بیگز اور اسٹائرو فوم میں گرم مشروبات و غذائی اشیاء کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔گرم کھانا اسٹائروفوم میں نہیں، صحت کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔پلاسٹک میں کھانا، بیماریاں اپنے ہاتھوں سے کھانا۔
3کھانا صحت بخش ہو، پیکنگ بھی محفوظ ہو۔ آج کی آسانی، کل کی بیماری نہ بننے دیں۔صحت مند پاکستان کے لیے اسٹائروفوم کو کہہ دیں “نہیں”!
اس مہم کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز)، اور محمد عاصم جاوید، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شرکت کی۔ڈین فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور صحت مند خوراک کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں اور ریگولیٹری اداروں کے باہمی اشتراک کو سراہا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اپنے خطاب میں خبردار کیا کہ ”جب ہم گرم چائے، دودھ یا سالن پلاسٹک بیگز اور اسٹائرو فوم کپ میں لیتے ہیں تو ہم صرف کھانا نہیں بلکہ زہر بھی اپنے جسم میں شامل کر رہے ہوتے ہیں۔ حرارت ان برتنوں سے بی پی اے اور اسٹائرین جیسے کیمیکلز کھانے میں شامل کر دیتی ہے، جو کینسر، ہارمونل بگاڑ اور نظامِ انہضام کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔“انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک آلودگی ہمارے ماحول کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ”ایک چھوٹی سی عادت کی تبدیلی آپ کی صحت، ماحول اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت کر سکتی ہے۔ اس لیے گرم کھانوں کے لیے اسٹین لیس اسٹیل اور قابلِ استعمال متبادل برتن اپنائیں۔“ڈاکٹر ندا فردوس نے پلاسٹک اور اسٹائرو فوم کے انسانی صحت پر منفی اثرات پر مبنی ایک معلوماتی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے طلبہ کو”اپنا مگ ساتھ لائیں”مہم کو فروغ دینے کی تاکید کی اور اسٹین لیس اسٹیل، شیشہ یا سرامک کے استعمال کو محفوظ ترین حل قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مہم میں حصہ لیا اور پیغام کو پورے کیمپس میں عام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی آصف علی ڈوگر،ڈائریکٹر آپریشنز ملتان عمیر حنیف،عامر افتخار ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ساؤتھ پنجاب ٹو ،ڈاکٹر عمبرین ناز ،ڈاکٹر شمس مرتضی،ڈاکٹر شبیر احمد،ڈاکٹر نگہت رضا، ڈاکٹر صبط عباس،محمد عثمان، انم اسحاق، انم لیلہ موجود تھے ۔
ریاض احمد ہراج
ترجمان زرعی یونیورسٹی ملتان
Leave a Reply