Today ePaper
Rahbar e Kisan International

اے وطن پیارے وطن

Articles , Snippets , / Sunday, March 23rd, 2025

احساس
نازپروین

یوم پاکستان پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ اس دن یعنی 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان ، جسے قرارداد لاہور بھی کہا گیا تھا، پیش کی گئی تھی۔ قرارداد پاکستان جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ایک الگ آزاد مسلمان ریاست کا قیام اسی قرارداد کی وجہ سے ممکن ہوا۔اس کے نتیجے میں تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت وقوع پذیر ہوئی۔
کبھی سوچا ہے کہ اچانک آپ کو اپنے بسے بسائے گھر ،چلتے کاروبار ،مال و اسباب کو چھوڑ کر صرف اہل خانہ کو لے کر نکل جانے کا کہا جائے ،جب منزل بھی دور ہو اور رستہ پر خطر ،جان و مال اور عزت بھی خطرے میں ہو تو آپ کے کیا احساسات ہوں گے ۔اگست 1947 میں غیر منقسم ہندوستان میں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کو ایسے ہی حالات سے گزرنا پڑا ۔جب آزادی کی نوید سنائی گئی تو لوگ جوق در جوق اپنے مال واسباب کو چھوڑ کر پاکستان کی جانب گامزن ہو گئے ۔اسے تقسیم ہند کی ہجرت کہا جاتا ہے ۔یہ تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت تھی ۔بر صغیر میں ہندو اور مسلمان صدیوں سے آباد تھے ۔یہاں ہندوؤں اور مسلمانوں کی ملی جلی بستیاں تھیں ۔مسلمانوں نے ایک ہزار سال بر صغیر پر حکومت کی ۔1857 کی جنگ آزادی انگریزوں کے خلاف ہندوؤں اور مسلمانوں نے مل کر لڑی ۔لیکن بعد ازاں ہندو اکثریت کے بل بوتے پر راج برطانیہ کے ساتھ مل کر اقتدار پر قابض ہونا چاہتے تھے ۔23 مارچ 1940 کو برصغیر کے دس کروڑ مسلمان قائداعظم کی قیادت میں متحد ہو کر اپنے لئے ایک علیحدہ ملک کا مطالبہ کرنے لگے ۔جو ایک طویل جدوجہد کے بعد بالآخر 14 اگست 1947 کو پاکستان کی شکل میں وجود میں آیا ۔صدیوں سے ایک ساتھ رہنے والے ہندو ،سکھ اور مسلمان ان حالات میں ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہو گئے ۔جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مذہبی فسادات شروع ہو گئے جن پر قابو پانا اس وقت کی پولیس اور فوج کے بس کی بات نہ تھی ۔ ، ان حالات میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں ، تقسیم ہند کے وقت دونوں اقوام کے درمیان خونزیز فسادات ہوئے ایسے ہندو جو کئی نسلوں سے ان علاقوں میں رہ رہے تھے جو پاکستان کا حصہ بن گئے ، انہیں راتوں رات اپنے گھروں کو چھوڑ کر بھارت جانا پڑا جبکہ کئی میلین مسلمانوں کو سرحد پار کر کے پاکستان ہجرت کرنا پڑی دنیاں کی تاریخ میں تقسیم ہند کی ہجرت کو سب سے بڑی ہجرت کا نام دیاجاتا ہے جس میں کل ایک اندازے کے مطابق ایک کروڈ 20 لاکھ افراد نے ہجرت کی جن میں 65 لاکھ مسلمانوں نے بھارت کے مختلف علاقوں سے ارض پاک کا رخ کیا ۔ اور 55 لاکھ ہندوؤں نے مغربی پاکستان اور بنگال سے ہندوستان کا رخ کیا ۔ اس دوران پر تشدد واقعات میں 20 لاکھ افراد ہلاک ہوئے جن میں 15 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا ہجرت کے دوران 50 ہزار خواتین اغوا ہوئیں ، اور تقریباًہزاروں شیر خوار بچوں کو تلواروں سے قتل کیا گیا۔ ہزاروں خواتین کی عزتیں پامال ہوئی ، برطانوی حکومت نے ایک سازش کے تحت ہندوؤں میں اسلحہ تقسیم کیا ، اور ہندوؤں کی سازش میں آکر پٹیالہ میں سکھ فوج نے مسلمانوں کے اوپر جو ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے ان کو تاریخ کیسے فراموش کرے گی
مہاجروں سے لدی ٹرینیں جب واہگہ بارڈر پار کر کے لاہور پہنچتیں تو لاشوں سے اٹی ہوتیں جو راستے میں ہندو اور سکھ بلوائیوں کا شکار ہو جاتی ۔پیدل آنے والے مہاجرین بھی شدید مشکلات کا سامنا کرتے ۔زیادہ تر قافلے راستے ہی میں لوٹ لئے جاتے ،مردوں، بچوں کو مار کر خواتین کو اغوا کر لیا جاتا جنہیں بعد میں عصمت دری کا نشانہ بنایا جاتا ۔دریاؤں کے رنگ لاشوں کے خون سے سرخ ہو گئے تھے ۔ان قافلوں میں متعدد خاندان بچھڑ گئے جو آج تک نہ مل سکے ۔موجودہ نسل کو یہ سب حقیقتیں افسانے لگتی ہیں ۔یہ آزادی ،آرام ،سکون ، تحفظ ایک بہت مہنگی قیمت چکا کر ادا کیا گیا ہے ۔ان واقعات کو شاعروں اور ادیبوں نے اپنی تخلیقات میں ڈھالا ہے ۔رضیہ بٹ کے ناول داستان کو ٹی وی والوں نے بڑی خوبصورتی سے ڈرامائی شکل میں ڈھالا ہے ۔اسے اپنی نئی نسل کو ضرور دکھائیے کہ ایک خوشحال، ہنستا بستا گھرانہ کیسے ہجرت کے کرب سے گزرا ۔14 اگست کو اپنے بچوں کو بٹھا کر گوگل پر موجود لٹے پٹے قافلوں کی ،لاشوں سے اٹے دریاؤں، خون آلود ٹرینوں کی تصاویر دکھائیں ۔نیٹ پر ہجرت کے دوران بچھڑ جانے والے بے شمار افراد کی آپ بیتیاں موجود ہیں انہیں وہ پڑھنے کو کہیں ۔انہیں پڑھ کر انہیں احساس ہو گا کہ یہ مادر وطن کتنی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے ۔آئیے اس دن اس ارض خداداد کو بے دردی سے لوٹ کھسوٹ کر کھانے والوں کو بھی للکاریں کہ یہ وطن آپ کے لئے لقمہ تر نہیں ۔اس کی بنیادوں میں ہمارے آباٶاجداد کا خون ہے ۔ہم اسے برباد کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے، اسے اپنے خون کی آنچ سے سینکیں گے ،اس کو ترقی دینے ،محظوظ بنانے کے لئے تن من دھن کی بازی لگا دیں گے ۔پاکستان زندہ باد!
اب قرض ہے ہم پر مٹی کا
اس منزل کا اس دھرتی کا
تقدیر کریں تدبیر کریں
آٶ وطن تعمیر کریں


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International