rki.news
دشمن کو منہ توڑ جواب دینا ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ (شجاع الدین شیخ)
لاہور (پ ر): بھارت نے پاکستان کے خلاف باقاعدہ طبلِ جنگ بجا دیا ہے۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دینا ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کا ڈرامہ رچانے کے مقاصد میں سے ایک یہ تھا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جائے اور پھر اُس کی بنیاد پر پاکستان کو نشانہ بنایا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈا کا پول تو ساری دنیا میں کھل گیا اور اُس کے قریبی اتحادیوں خصوصاً یورپی یونین نے بھی پاکستان کے اِس مؤقف کی تائید کی کہ پہلگام واقعہ کی صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔ لیکن مودی کی انتہا پسند اور اسرائیل نواز حکومت نے عالمی گریٹ گیم کو بڑھاوا دیتے ہوئے اپنے اتحادیوں کی بھی ایک نہ سنی اور 6 اور 7مئی کی درمیانی شب کو پاکستان کے کئی علاقوں میں میزائل داغ کر باقاعدہ اعلانِ جنگ کر دیا۔ پاکستان کے عسکری اور دیگر ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے داغے گئے 20 سے 24 میزائلوں میں سے 6 اپنے ہدف کو جزوی طور پر نشانہ بنا سکے اور دیگر میزائلوں کو پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضاء میں ہی تباہ کر دیا۔ علاوہ ازیں اطلاعات کے مطابق پاک فضایہ کے طیاروں اور حفاظتی نظام نے 5 بھارتی طیاروں اور ایک ڈرون کو مار گرایا، اور بھارت کے ایک برگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی تباہ کر دیا۔ بھارت کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں بلکہ دہشت گردی میں آئی ایس پی آر کے مطابق 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون! کئی مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پھر یہ کہ نیلم جہلم پراجیکٹ اور نوسیری ڈیم کو جزوی نقصان پہنچا کر نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے عام شہریوں کو پانی سے محروم کرنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف پہلگام ڈرامہ کے بعد مختلف نوع کی کاروائیاں درحقیقت اُسی عالمی گریٹ گیم کا حصّہ ہیں جن کی آڑ میں اسرائیل اپنے توسیعی منصوبہ یعنی گریٹر اسرائیل کے قیام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہود اور ہنود کا گٹھ جوڑ واضح ہے اور اُن کا ایک مذموم مقصد پاکستان کو کمزور کرنا اور خطہ میں مصروف رکھنا ہے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اِس گھمبیر صورتِ حال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر اکٹھے ہوں اور افواجِ پاکستان بھارت کی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیں کہ دشمن اور اُس کے پشتی بان دوبارہ ایسی شرانگیزی کی جرأت نہ کر سکیں۔
جاری کردہ
رضاء الحق
مرکزی ناظم نشرو اشاعت
Leave a Reply