rki.news
اس نے رہ سجھائی ہے خواب سے حقیقت تک
عشق کی رسائی ہے خواب سے حقیقت تک
خواب سے حقیقت تک کس کے حسن کی شوخی
کس کی خوش ادائی ہے خواب سے حقیقت تک
ہو بھلا محبت کا، دل میں تیری چاہت کا
شوق انتہائی ہے خواب سے حقیقت تک
چین اب کہاں ممکن، دل چراغ ہے لیکن
روشنی پرائی ہے خواب سے حقیقت تک
اپنے بخت کا مارا، عشق تو ہے بے چارہ
حسن کی ڈھٹائی ہے خواب سے حقیقت تک
خواب سی تری آنکھیں جام ہیں حقیقت میں
بے خودی سی چھائی ہے خواب سے حقیقت تک
لگ رہا ہے یوں راغبؔ خوابِ عشق کی تعبیر
ان میں ڈھل کے آئی ہے خواب سے حقیقت تک
افتخار راغبؔ
ریاض، سعودی عرب
Leave a Reply