rki.news
گُل ہو یا گلنار ہو , تم کون ہو
حسن کا شہکار ہو ، تم کون ہو
چلچلاتی دھوپ ہے یاں چار سو
سایۂ دیوار ہو ، تم کون ہو
چار سُو ہیں نفرتوں کی آندھیاں
پیار کا اظہار ہو ، تم کون ہو
شش جہت میں ظلمتوں کے درمیاں
نور کا مینار ہو ، تم کون ہو
ہے تمھارے دم سے ہر سو عافیت
امن کا انبار ہو ، تم کون ہو
نرم خو لہجہ تمھارا خوب ہے
سب کے ہی غمخوار ہو ، تم کون ہو
ہے کسی فولاد جیسا حوصلہ
عزم کا کہسار ہو ، تم کون ہو
بردباری ہے تمھاری اک مثال
پیار ہی بس پیار ہو ، تم کون ہو
مٹ چکے ہیں سب تمھاری چاہ میں
سب کے ہی دلدار ہو ، تم کون ہو
ہے تمھارا کیسا نورانی وجود
صورتِ ابرار ہو ،تم کون ہو
ہے تمھارا عشقِ مولٰی اک مثال
عشق میں سرشار ہو ، تم کون ہو
دیں کی عظمت اور نصرت کے لیے
ہر گھڑی تیّار ہو ، تم کون ہو
ہے تمھارا کیسا پر شوکت وجود
قامتِ گلزار ہو ، تم کون ہو
پھول جھڑتے ہیں تمھارے قول سے
تم گل و گلزار ہو ، تم کون ہو
ہے سخن میرا تمھارے واسطے
منبعِ اشعار ہو ، تم کون ہو
طارقؔ بشیر
Leave a Reply