Today ePaper
Rahbar e Kisan International

جدہ میں معروف شاعر و ادیب ڈاکٹر ظفر کمالی کے اعزاز میں پروقار مشاعرہ

Literature - جہانِ ادب , / Tuesday, February 18th, 2025

برسوں سے اردو شعر و ادب کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی تنظیم “اردو گلبن جدہ” کے زیرِ اہتمام ہندوستان سے تشریف فرما مہمان شاعر و ادیب ڈاکٹر ظفر کمالی کے اعزاز میں ایک پر وقار مشاعرہ جدہ کے اسپائسس ریسٹورنٹ کے وسیع ہال میں 7 فروری 2025 بروز جمعہ شام 8 بجے منعقد ہوا۔ اردو گلبن کے صدر و معروف شاعر مہتاب قدر کی صدارت میں منعقد اس مشاعرے کی نظامت اسلم افغانی نے برجستہ اشعار کے ساتھ کی۔ ڈاکٹر ظفر کمالی کے علاوہ ریاض سے تشریف لائے خوش فکر شاعر افتخار راغبؔ نے بھی محفل کی زینت بڑھائی۔
بہار کے شہر سیوان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ظفر کمالی طنز و مزاح کے علاوہ رباعی اور ادب اطفال کے نامور شاعر ہیں۔ آپ کے طنز و مزاح کے چار مجموعے، “ظرافت نامہ”، “ڈنک”، “نمک دان” اور “ضربِ سخن”؛ رباعی کے پانچ مجموعے “رباعیاں”, “خاکِ جستجو”, “رباعیاتِ ظفر”, “چہکاریں” اور “سوغات”؛ تین شعری مجموعہ برائے ادبِ اطفال “بچوں کا باغ”, “چہکاریں” اور “حوصلوں کی اڑان” منظر عام پر آکر داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر کمالی کو دو سال قبل “حوصلوں کی اڑان” کے لیے ہندوستان کا معروف ساہتیہ اکادمی ایوارڈ برائے ادبِ اطفال سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ شاعری کے علاوہ تحقیق میں بھی آپ نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور تحقیق کی ایک کتاب “تحقیقی تبصرے” بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔ ڈاکٹر ظفر کمالی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے تشریف لائے ہیں۔
مشاعرے میں حسب روایت گلدستے سے مہمانان کا استقبال ہوا اور ڈاکٹر ظفر کمالی کو اردو گلبن کی جانب سے یادگاریہ بھی پیش کیا گیا جسے صدر مشاعرہ مہتاب قدر اور قطر سے تشریف لائے بزمِ صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد نے اپنے مبارک ہاتھوں سے پیش کئے۔
حافظ ذیشان کی تلاوتِ کلامِ پاک سے پروگرام کے بابرکت آغاز کے بعد بارگاہِ رسالت میں خالد مدنی نے نعت پاک پیش کی۔ مشاعرے میں صدر مشاعرہ مہتاب قدر اور مہمان ڈاکٹر ظفر کمالی کے علاوہ ناصر برنی، افتخار راغب، سراج عالم زخمی، عمران اعوان، افسر بارہ بنکوی، عبد الرحمٰن راشد، تاشفین سید، ارشد قدوائی، فرحت اللہ خان، انیس احمد، کامران خان، احمد باشا اور اسلم افغانی نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور خوب داد و تحسین وصول کی۔ خوش فکر نوجوان شاعر سراج عالم زخمی اور عبد الرحمٰن راشد افتخار راغبؔ کے ہمراہ ریاض سے تشریف لائے تھے۔
مہمان شاعر ظفر کمالی نے شعرا کے کلام کے ساتھ ساتھ داد و تحسین سے شعرا کو نواز رہے باذوق سامعین کی بھی خوب پذیرائی کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اردو گلبن کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مشاعرہ مہتاب قدر نے صدارتی گفتگو میں مشاعرے کو یادگار اور بہت کامیاب بتایا۔ ناظم مشاعرہ اسلم افغانی کے شکریے کے بعد عشائے کے ساتھ مشاعرہ ایک اور یادگار مشاعرے تک کے لیے ملتوی ہوا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International