حلقۂ ادب اسلامی قطر کے زیرِ اہتمام ماہ مئی 2024 کا اجلاس و مشاعرہ بتاریخ 9 مئی 2024 بروز جمعرات کی شب آئی یف سی کے مرکزی ہال میں منعقد ہوا۔
مسندِ صدارت پر جناب مصطفی مزمل جلوہ افروز تھے، جبکہ مہمانِ خصوصی کی نشست کو جناب عبدالقادر جنید زینت بخش رہے تھے-
صدر حلقہ مظفر حسین نایاب نے تلاوت و ترجمانی کے ساتھ اجلاس کے آغاز کا اعلان کیا، اور مختصر خطبہء استقبالیہ میں شہ نشین پر براجمان صدر و مہمانان تمام شعراء و سامعین کا اجلاس میں پرتپاک استقبال کیا، خاص طور پر صاحب ذوق نوجوانان جنھوں نے پروگرام کی ترتیب میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا، جناب اویس، جناب مدثر، جناب عاقب اور جناب مفسر صاحبان کا اجلاس میں گرم جوشی کے ساتھ خیرمقدم کیا، اور شعری ذوق کو جلا بخشنے کے لئے حلقہ کے پروگرامس میں استقامت کے ساتھ شرکت کرتے رہنے کی گزارش کی-
حسبِ روایت پروگرام دو حصوں پر مشتمل رہا، نثری حصے کے آغاز میں مظفر نایاب نے حمد اور مبصر ایمان نے خوبصورت مترنم نعت پیش کی-
نثری حصہ طنز و مزاح کے لئے معنون کیا گیا تھا، جس میں دو مقالے پیش کئے گئے، ڈاکٹر عطا الرحمن صدیقی نے اپنا مقالہ بعنوان “طنز و مزاح” میں مزاح کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی، اور کہا کہ سنگلاخ و بنجر زمین میں گل کاری کا نام مزاح نگاری ہے، معاشرتی ناہمواریوں اور زمینی و زمانی جبر و کرب اور رنج و الم کے دریا سے مسکراہٹ کے موتی نکالنا آسان نہیں ہے، لیکن مزاح میں معیار پیش نظر ہونا چاہئے پھکڑ پن سے گریز لازم ہے، مزاح کی تعریف کیا ہے، اس کے حدود اربع کیا ہیں، مزاح کیسے ہونا چاہئے مزاح کے معیار کے کیا تقاضے ہیں ان سب نکات پر سیر حاصل گفتگو پیش کی گئی-
دوسرا مضمون جناب مصطفٰی مزمل نے بعنوان “دندان شکن ڈاکٹر راشد فریدی” پیش کیا جس میں طنز و مزاح پر مشتمل مختلف النوع مضامین شامل تھے-
نثری حصے کے اختتام پر ابتدائی حصے کے ناظم مظفر نایاب نے ڈاکٹر عطا الرحمن کے جامع اور معز مقالے کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ یہ مقالہ اپنی نوعیت کا ایک مکمل تحقیقی و دستاویزی حیثیت کا حامل ہے اس کی افادیت کسی یونیورسٹی کے تحقیقی مقالہ سے کم نہیں- اور جناب مصطفی کے مضمون کی قدر افزائی کرتے ہوے تبصرہ کیا کہ اس ایک مضمون میں کئی شکر پارے شامل تھے-
اجلاس کے دوسرے حصے میں حسبِ روایت تعمیری مشاعرہ منعقد ہوا۔ مشیرالدین، مبصر ایمان، اظفر گردیزی، مہمان شاعر شیراز بکالی، ناظم مشاعرہ اشفاق دیشمکھ، مظفر نایاب اور صدر مشاعرہ مصطفی مزمل نے کلام پیش کیا- مشاعرہ میں صدر حلقہ مظفر نایاب نے حسب معمول تازہ قطعات تاریخ پیش کئے، مہمان شاعر کی گزارش پر تضمین بر غزل غالب بھی پیش کی-
مہمانِ خصوصی جناب عبد القادر جنید نے حلقہء ادب اسلامی کی تعمیری اور ادبی کوششوں کو سراہا، اور اجلاس ومشاعرہ کی معیار کو سراہا- صدر اجلاس جناب مصطفیٰ مزمل نے ناظم مشاعرہ کی درخواست پر تفصیلی تبصرے کے ساتھ متاثر کن خطبہء صدارت پیش کیا اور شعراء قدر افزائی فرمائی-
آخر میں جناب مشیر الدین صاحب نے مرحوم سراج نرملی کے مزاحیہ کلام کے ساتھ حاضرین کا شکریہ کیا اور ضیافت ماحضر میں شرکت کی گزارش کی، رات دیر گئے پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
رپورٹ
مبصر ایمان
دوحہ، قطر
Leave a Reply