Today ePaper
Rahbar e Kisan International

حلقۂ ادب اسلامی قطر کے زیرِ اہتمام آن لائن ادبی اجلاس و مشاعرہ

Literature - جہانِ ادب , Snippets , / Monday, July 14th, 2025

rki.news

حلقہء ادب اسلامی قطر کا اجلاس ومشاعرہ بتاریخ 10 جولائی 2025 جمعرات کی شب حلقہ کے معزز رکن ممتاز عالم دین سید مشتاق قادری عمری مدنی کی زیرِ صدارت بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ آنلائن زوم پر منعقد ہوا۔

مہمانان خصوصی کی نشست پر، دہلی ہندوستان سے ادب اطفال کے سرخیل ممتاز ادیب و افسانہ نگار کئی کتب کے مصنف جناب سراج عظیم، الخبر سعودی عرب سے ماہر شخصیت سازی، فاؤنڈر وڈائریکٹر ھدف، معروف شاعر و ادیب جناب نعیم جاوید، اور ٹورانٹو کینیڈا سے ممتاز کہنہ مشق شاعر جناب ابراہیم علی حسن براجمان رہے جبکہ ہندوستان سے خوش فکر شاعر جناب تنویر تاج نے رفیقِ مشاعرہ اور قطر سے اسلامی اور عربی علوم پر دسترس رکھنے والی ادیبہ محترمہ قمر جبین صاحبہ نے مضمون نگار کی حیثیت سے شرکت کی-

صدرِ حلقہ قطر جناب مظفر نایاؔب نے اجلاس کا افتتاح کیا اور نثری حصے کی نظامت کے لئے جناب عامر شکیب کو مائک پر مدعو کیا جنہوں نے انتہائی خوش اسلوبی اور ادبی برجستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ نظامت انجام دی اور مہمانوں کے تعارف و استقبال کی ذمہ داری بھی خوبصورت انداز میں نبھائی-

اجلاس کا آغاز حافظ خبیب کاظمی فلاحی کی تلاوتِ قرآن پاک اور اس کی ترجمانی سے ہوا، بعد ازاں حافظ عبد الرحمن شمسی نے “میرے خیر البشر، میرے خیر البشر” کے خوبصورت مصرعے کی تکرار کے ذریعہ اپنے شاندار اور جاندار ترنم میں ایک نعتیہ کلام پیش کیا،
اجلاس کے نثری حصے میں مضامین پیش کئے گئے۔

1) محترمہ قمر جبین صاحبہ (قطر)
موضوع: محرم الحرام تاریخ کے آئینے میں تاریخی و فقہی پہلوؤں پر پرمغز گفتگو۔

2) جناب سراج عظیم (ہند)
موضوع: بچوں کی کہانی: کورونا چڑیل
ادب اطفال میں نئے تجربات اور تخیل کی عمدہ مثال۔

3) جناب نعیم جاوید (سعودی عرب)
موضوع: قرآن حکیم۔۔۔ کتاب زندگی۔۔۔ ایک تعارف و تمہید فکری، قرآنی اور سائنسی انداز میں بصیرت افروز گفتگو پیش کی-

اجلاس کے شعری حصے کی نظامت صدرِ حلقہ جناب مظفر نایاؔب نے کی، نظامت میں معاونت کے لئے جناب اظفر دھنبادی کومائک پر مدعو کیا-آج کی یہ آن لائن ادبی نشست صرف ایک تقریب نہیں یہ ایک عہد کی تجدید ہے، ایک جذبے کی گواہی ہے، ایک زبان سے عشق کی ترجمانی ہے، اسطرح جذباتی، فکری اور تہذیبی تمہید سے اظفر دھنبادی نے مشاعرہ کا آغاز کیا اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا
شعری حصے میں قطر، ہندوستان، کینیڈا اور سعودی عرب سے ممتاز شعرا نے شرکت کی۔ مشاعرہ کا ہر شعر اردو کے وقار کی گواہی دیتا محسوس ہوا۔ مشاعرہ میں جناب مظفر نایاؔب نے مولانا مودودی کے دست راست پروفیسر خورشید احمد مرحوم کو قطعہء تاریخ کے ساتھ خراج تحسین بھی پیش کیا-

آخر میں صدر مشاعرہ نے اپنے صدارتی خطبہ میں بصیرت افروز کلمات کے ساتھ حلقۂ ادب اسلامی کے کاموں کو سراہا، عالمی سطح پر اردو کی ترویج پر اظہار مسرت کیا اور تمام شعرا کو ان کے فکری وفنی اظہار پر مبارکباد دی۔ اردو کو زندہ رکھنے کے لیے اس طرح کے آن لائن اجلاس کی اہمیت پر زور دیا۔
محفل کے روح رواں جناب مظفر نایاب نے صدر اجلاس، مہمانوں، شعراء، سامعین، اور بالخصوص انتظامیہ و نظامت سے وابستہ افراد کا شکریہ ادا کیا۔

یہ اجلاس نہ صرف اردو ادب کی خوبصورتی کا آئینہ دار تھا بلکہ ایک پیغام بھی تھا، زبانیں صرف بولنے کے لیے نہیں ہوتیں، جینے کے لیے ہوتی ہیں اور جب زبانوں میں اردو ہو، تو وہ محبت بن جاتی ہے۔

قارئین کی دلچسپی کے لئے شعراء کے منتخب اشعار یہاں پیش خدمت ہیں:

وقت نے ہم کو بھی یہ سمجھایا
سب سے بہتر جواب خاموشی
فضیل احمد

چلو اچھا ہوا ہم راہ دگر سے نکلے
جادہ آتش دزدیدہ نظر سے نکلے
مبصر ایمان

تجھے اے عالی مقام ذی احترام ہستی سلام کہدوں
حسین سارے سلام امت سے لے کے اب تیرے نام کہدوں
ثمرین ندیم

اے اہلِ زمانہ کیا شکوہ پندار وہ نصیحت بے معنی
ہم مہر بلب یہ دور ہوس توقیر نہیں اس کی کوئی
عذرا شہزاد

حسیں سے خوابوں کی سر زمیں پر چراغ شب پھر اتر رہے ہیں
یوں آرزو کے نئے ستارے قدم قدم پر بکھر رہے ہیں
زینت کوثر لاکھانی

اپنی دستار کو محفل میں اچھالا کس نے
خود کو تہذیب کی پستی میں ہے ڈھالا کس نے
اظفر دھنبادی

رقص میں جھومتا سودائی ہے تنہائی ہے
بھرے بازار میں رسوائی ہے تنہائی ہے
اظفر گردیزی

عزم شبیر ساتھ رکھ تنویر
راہ میں دشت کربلا ہوگا
تنویر تاج

مانا کہ تیری دید کے قابل نہیں ہوں میں
لیکن ترے خیال سے غافل نہیں ہوں میں
عامر شکیب

ساری دنیا کہہ رہی ہے جس کا دیوانہ مجھے
آج مجھ سے اُس نے ہی پوچھا کہ پہچانا مجھے
جمشید انصاری

لب سے نایاب زمزمے نکلے
یعنی کمیاب فلسفے نکلے
مظفر نایاب

بیٹوں کے ساتھ راہ میں جب حادثہ ہوا
ماں کے لبوں پہ حرفِ دعا ڈھونڈنے لگے
منصور اعظمی

چلتے جو پیمبر کے سدا نقش قدم پر
دنیا میں نہ ہوتا کوئی نقصان ہمارا
شاد اکولوی

تخت و تاج اہل ہوس تم کو مبارک ہوں بہت
سلطنت اپنی محبت ہے جو عالمگیر ہے
ابراہیم علی حسن (کینیڈا)

غم محبت کے پال لیتے ہیں
ساری دنیا سنبھال لیتے ہیں
نعیم جاوید (سعودی عرب)

رپورٹ:
اظفر دھنبادی


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International