Today ePaper
Rahbar e Kisan International

دوحہ میں پاکستانی کمیونٹی کی سرد شام

Events - تقریبات , Snippets , / Friday, January 23rd, 2026

rki.news

تحریر۔ہارون رشید قریشی

قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے گزشتہ جمعہ 16 جنوری 2026 کو سرد موسم کے باوجود پُروقار اور خوشگوار ملاقات کا اہتمام کیا۔ یہ گروپ گزشتہ دس برسوں سے باقاعدگی سے ایسی محفلیں منعقد کرتا آ رہا ہے جہاں دوست احباب ایک جگہ جمع ہو کر خوشگوار وقت گزارتے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھتے ہیں۔
یہ خصوصی نشست اس لیے بھی اہم تھی کہ اس سال قطر میں سردی کی لہر بہت سالوں کے بعد آئی ہے۔ اس تقریب کو ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا، جہاں پاکستان کے روایتی پکوان جیسے گول گپے، تکے کباب، بریانی اور دیگر کئی لذیذ کھانے پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے پاکستانی انداز سے کھایا اور کھانے کی کھل کر تعریف کی۔ اس محفل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی پروفیشنل شریک ہوئے۔ شرکاء کا تعلق پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تھا اور ان کی سیاسی وابستگیاں بھی مختلف پارٹیوں سےتھیں، تاہم محفل کی خاص بات یہ رہی کہ گفتگو مکمل طور پر غیر سیاسی رہی۔ سب نے مل بیٹھ کر قطر کے گزرے ہوئے وقت اور اپنی پاکستان سے یادوں اور اپنی اپنی زندگی کے پروفیشنل تجربات پر بات کی۔

سرد موسم کے باعث بیشتر شرکاء روایتی شلوار قمیض، گرم شالوں اور پختون ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔ جس سے محفل کو ایک خوبصورت ثقافتی رنگ ملا۔ روایتی لباس نے نہ صرف ماحول کو دلکش بنایا بلکہ وطن سے وابستگی کے جذبات کو بھی تازہ کر دیا۔ شرکاء نے اپنے بچپن کے دلچسپ واقعات، تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر کی کہانیاں اور بیرونِ ملک زندگی کے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیے۔ بعض شرکاء نے قطر میں ابتدائی دنوں کی مشکلات اور کامیابیوں کا ذکر کیا، جس سے نوجوانوں کو حوصلہ اور رہنمائی ملی۔

اس پروگرام کا انعقاد قیصر خان اور عتیق رشید نے کیا۔ جنہوں نے تمام انتظامات کو خوش اسلوبی سے مکمل کیا۔ محفل کے دوران خوشگوار گفتگو، ہلکے پھلکے مزاح اور باہمی احترام کا ماحول قائم رہا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی محفلیں پروفیشنل کمیونٹی کے افراد کو قریب لانے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور کس طرح نئے آنے والے پاکستانیوں کی قطر مختلف شعبوں میں روزگار کے حصول کی مدد کی جائے۔

اختتام پر سب نے اس بات کا عزم کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی مثبت اور صحت مند سوشل سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ پروفیشنل کمیونٹی میں اتحاد، بھائی چارہ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور تصاویر کا سیشن ہوا جسے دوستوں نے سوشل میڈیا پرشیئر کیا اور یوں یہ خوبصورت شام اختتام پذیر ہوئی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International