عیشا صائمہ
نیا شمسی سال آپ کے لیے نئ امنگیں، امیدیں اور خوشیاں لائے لیکن اس کے لیے آپ کو ایک اصول بنانا ہو گا کہ آپ دینے والے بن جائیں
آج کے اس نفس پرست دور میں جب سب لوگ خوشی کی تلاش میں ہیں اور خوشی کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کچھ خوشی کو زیادہ مال و دولت میں ڈھونڈ رہے ہیں کچھ عہدوں اور بڑے لوگوں سے تعلقات میں اسے تلاش کر رہے ہیں زیادہ کے حصول نے سب کو پریشان کیا ہوا ہے اس وقت میں اگر ہم کسی کو کچھ دے سکتے ہیں تو وہ ہمارا وقت ہے – چاہے وہ آپ کے والدین ہوں، بہن بھائی دوست یا قریبی رشتے دار – زندگی بہت خوب صورت ہے اسے نفرتوں میں ضائع کرنے کی بجائے محبت کیجیے ایسی محبت جو بے لوث ہو – جس کا صلہ آپ ان لوگوں سے نہ مانگیے – جن کو آپ اپنا وقت، پیسہ یا محبت دے رہے ہیں – سب اپنے پیارے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کیجیے –
ہمارا مال ہمارا نہیں بلکہ رب کی عطا ہے اسے ضرورت مندوں میں تقسیم کیجیے،کسی کو اچھا کھانا کھلائیے، کسی کو اچھا لباس پہننے کے لیے دیجیے، کسی کی تکلیف کو دور کر سکتے ہیں تو اس کے لیے کوشش کیجیے کسی کے دکھ کو بانٹ سکتے ہیں تو اسے سنیے جو زندگی سے مایوس ہو چکے ہیں ان کے لیے حوصلہ دینے والے بنیے زندگی کے موڑ پہ آپ بھی کہیں نہ کہیں ہارے ہونگے آپ دوسروں کو زندگی کی طرف لائیے-
کسی کی ہنسی واپس لا سکتے ہیں تو ہر ممکن کوشش کیجیے کوئی آپ کی وجہ سے مسکرا سکے اور زندگی کی رعنائیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے – آپ کے پاس اچھی صحت ہے اس کی قدر کیجیے اور جو بیمار ہیں ان کی عیادت کیجیے ان کے پاس بیٹھیں
اور انہیں یقین دلائیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے -انہیں احساس دلائیں زندگی سب کے لیے کہیں نہ کہیں آزمائش ہے
اسے بھرپور طریقے سے گزاریئے – والدین کے چہرے کی طرف روز مسکرا کر دیکھیے انہیں ان کی اہمیت سے آگاہ کیجیے ان کے پاس بیٹھ کر ان کی باتیں سنئیے وہ صرف بات کرنا چاہتے ہیں ان سے بات کیجیے وہ اپنی زندگی کے تجربات آپ کو بتانا چاہتے ہیں ان سے فائدہ اٹھائیے – بچوں کے ساتھ وقت گزاریں تاکہ آپ کا بچپنا ختم نہ ہو کیونکہ ان کے ساتھ رہ کر آپ کو بھر پور زندگی کا احساس ہوتا ہے – جہاں آپ کو لگے کسی کو آپ کی ضرورت ہے فوراً اس کی مدد کی ٹھان لیں – جب آپ دینے والے بنیں گے تو آپ کو حقیقی خوشی نصیب ہو گی وہ خوشی اور سکون جس کی آپ کو تلاش ہے وہ ان سب باتوں پر عمل کرنے سے ہے -وہ کسی نے کہا ہے نا ” اللّٰہ تعالی عبادتوں والوں کا ہی نہیں ندامتوں والوں کا بھی رب ہے -” تو جو زندگی آپ بغیر مقصد کے گزار چکے ہیں اس سے توبہ کیجیے اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیے جب آپ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تو آپ کی زندگی میں خود بخود آسانیاں ہونگی اور آپ ہر وقت خوش اور مطمئن نظر آئیں گے – کہ زندگی میں نہ صرف
آپ نے خود جینا سیکھ لیا بلکہ دوسروں کو بھی ایک بھرپور زندگی گزارنے میں ان کے مددگار بن رہے ہیں – دیکھیے گا جب آپ دینے والے بنیں گے تو چند دنوں میں آپ کو اس دلی خوشی کا احساس ہو گا جس کے آپ متلاشی تھے –
Leave a Reply