rki.news
روٹری کلب آف کراچی اسٹار اور جہانِ رنگ انٹرنیشنل کے باہمی اشتراک سے ایک شاندار ادبی نشت کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام دوحہ قطر سے تشریف لانے والی معروف شاعرہ ثمرین ندیم ثمر کے اعزاز میں کیا گیا تقریب کی روحِ رواں اور منتظمِ اعلیٰ شازیہ عالم شازی (ڈسٹرکٹ چیئر لٹریچر اینڈ پوئٹری، روٹری کلب آف کراچی اسٹار ڈسٹرکٹ 3271 اور چیئرپرسن جہانِ رنگ انٹرنیشنل) تھیں۔ یہ خوبصورت محفل ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت نامور ادیب و شاعر ڈاکٹر شاداب احسانی نے کی، جبکہ ممتاز شخصیات ایڈووکیٹ افتخار ملک اور ریحانہ روحی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔
تقریب کا آغاز شازیہ عالم شازی کے خطبہء استقبالیہ سے ہوا،جس میں انہوں نے صاحبہء شام ثمرین ندیم ثمر کا پُراثر تعارف پیش کرتے ہوئے ان کے دونوں شعری مجموعوں پر مختصر مگر جامع گفتگو کی۔ بعد ازاں صدرِ محفل ڈاکٹر شاداب احسانی کا بھی تفصیلی تعارف پیش کیا گیا۔ گفتگو کے لیئے مدعو افتخار ملک اور ریحانہ روحی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ثمرین ندیم ثمر کی شاعری کے فنی و فکری محاسن پر روشنی ڈالی۔ ان کے بعد ثمرین ندیم ثمر نے اپنے منتخب کلام سے محفل کو مسحور کر دیا۔ حاضرین کی فرمائش پر انہوں نے مزید اشعار بھی پیش کیے، جنہیں خوب داد و تحسین سے نوازا گیا۔
مشاعرے کی نظامت نہایت خوش اسلوبی سے شازیہ عالم شازی نے کی۔ انہوں نے ایک کے بعد ایک شعراء انہی کے نمائندہ شعروں کے ساتھ دعوتِ سخن دیتے ہوئے مشاعرہ کو یادگار بنا دیا۔ محفل میں اشعر عالم عماد، مسرور پیرزادہ، سلمٰی رضا سلمٰی، شاہدہ عروج، عشرت حبیب، حمیدہ کشش، آفتاب عالم قریشی، یاسمین یاس، ثبین سیف سمیت متعدد ممتاز شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی اور صدرِ مشاعرہ نے بھی اپنے اشعار اور خیالات حاضرین کے دلوں تک پہنچائے۔ ڈاکٹر شاداب احسانی نے اپنے کلام کے ساتھ “پاکستانی بیانیہ” سے بھی کچھ اقتباسات بطور گفتگو پیش کیے، جنہیں سامعین نے نہایت انہماک سے سنا۔
پروگرام کے اختتام پر جہانِ رنگ انٹرنیشنل کی جانب سے صاحبہء شام ثمرین ندیم ثمر کو جہانِ رنگ کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔ اسی موقع پر سینئر شاعرہ ریحانہ روحی کی سالگرہ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا اس موقع پر دو عدد کیک کاٹ کر محفل کو مزید خوشگوار رنگ عطا کیا گیا۔
آخر میں شازیہ عالم شازی نے صاحبہء شام، صدرِ مشاعرہ،تمام شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی تواضع شام کی چائے اور پُرتکلف اسنیکس سے کی گئی۔
یہ ادبی محفل اپنے تمام تر رنگوں اور خوشبوؤں کے ساتھ یہ شام ایک یادگار اور بامقصد ادبی محفل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
Leave a Reply