Today ePaper
Rahbar e Kisan International

سعودی عرب اورپاکستان کےدرمیان دفاعی معاہدہ

Articles , Snippets , / Friday, September 19th, 2025

تحریر:اللہ نوازخان

سعودی عرب اورپاکستان کےدرمیان دفاعی معاہدہ
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بدھ کی شب ایک تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔اس معاہدے کے مطابق کسی ایک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ریاض میں طے پانے والے اس معاہدے پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلیمان نےدستخط کیےہیں۔یہ تاریخی معاہدہ کہا جا سکتا ہےاور توقع پیدا ہو گئی ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔پاکستان کے معاشی یا سیاسی نظام پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن دفاعی نظام بہت مضبوط ہے۔پاکستان کا دفاعی نظام سعودی عرب سمیت کئی ممالک کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔سعودی عرب کو اس معاہدے کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کہ نو ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے مذاکرات کاروں کو نشانہ بنایا۔یہ حملہ بہت سےپردے فاش کرنے کا سبب بنا،کیونکہ قطر اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بھی سنگین نوعیت کے نہیں تھےاور سیکورٹی کی ضمانت بھی امریکہ کی طرف سے دی گئی تھی۔اسرائیل نے حملہ کر کےاپنا آپ بھی ظاہر کیا اور امریکی سکیورٹی کی ضمانت کا پول بھی کھول دیا۔اب یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ امریکی سیکیورٹی کتنی قابل اعتبار ہے؟سعودی عرب کو بھی امریکہ کی طرف سے سیکیورٹی دی جا رہی ہے،لیکن قطر پر حملے کے بعد کئی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ امریکی سیکیورٹی پر کتنا اعتبار کیا جا سکتا ہے؟اب تقریبا امریکی سیکیورٹی پر اعتبار متزلزل ہو چکا ہےاورجو امریکہ سے سیکیورٹی حاصل کر رہے تھے،ان کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔قطر کو بھی ناقص سیکیورٹی کا احساس ہو چکا ہے اور دوسرے ممالک بھی تشویش کا شکار ہو گئے ہیں کہ کوئی بھی کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔قطر اور سعودی عرب کے علاوہ دوسرےوہ ممالک جوامریکی سیکیورٹی حاصل کر رہے تھے،اب وہ خود اپنے تحفظ کا خیال رکھیں گے۔سعودی عرب اور پاکستان نےدفاعی معاہدہ کر کےایک دوسرے کی مدد کرنے کا عہد کیا ہے۔مدد صرف دفاعی لحاظ سے نہ کی جائے بلکہ دیگر شعبہ جات میں بھی ایک دوسرے کی مدد کی جائے۔سعودی عرب کے بھی مسائل ہیں اور پاکستان کے بھی بے شمارمسائل ہیں،دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کر کےاپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔امریکی سیکیورٹی کی اب قلعی کھل چکی ہے۔بہتر بھی یہی ہے کہ ہر ملک اپنا تحفظ خود کرے تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔قطر کوئی کمزور ملک نہیں،لیکن بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے اس پر بھی حملہ کر دیا گیا،اس لیےبہت سے ممالک اپنی سالمیت کےلیےخطرہ محسوس کررہےہیں۔اسرائیل قطر کے علاوہ سعودی عرب یا کسی بھی ملک کو نشانہ بنا سکتا ہےاور اس عمل کی امریکہ مدد بھی کرے گا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی دوستانہ ہیں۔خانہ کعبہ اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سعودی عرب میں ہونےکی وجہ سےپاکستانی عوام سعودی عرب سے انتہائی محبت کرتی ہے۔اگر حکومتوں کے تعلقات آپس میں بہتر نہ بھی ہوں تو عوام کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہوتے ہیں۔بے شمار دفعہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں۔سعودی عرب کی سیکیورٹی امریکہ کے پاس ہےاور سعودی عرب اس کی ادائیگی بھی کر رہا ہے،لیکن اب ناقابل اعتبار ہونے کی وجہ سےامریکی سیکیورٹی سے جان چھڑانے کی کوشش کی جائے گی۔سعودی عرب سمیت تمام ممالک کو اپنا سیکیورٹی نظام خود ہی بنانا ہوگا،ورنہ کسی وقت بھی نقصان اٹھایا جا سکتا ہے۔مشرق وسطی میں بھی بد امنی پھیلی ہوئی ہےاوراس بدامنی کو روکنے کے لیےپاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دیگر ممالک مل کرامن لا سکتے ہیں۔سعودی عرب اور پاکستان کا اتحاد عالمی طور پر نئی تبدیلیاں لا سکتا ہے۔سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک دہائی قبل تعلقات کچھ خراب ہو گئے تھے،جب سعودی عرب نے پاکستان سے حوثیوں کے خلاف جنگ لڑنے میں مدد کی اپیل کی تھی اور پاکستان نے معذرت کی تھی۔بہرحال اب تعلقات انتہائی بہتر ہیں اور مزید بہتری کی توقع ہے۔سعودی عرب بھی اچھی طرح جان چکا ہے کہ امریکہ یا اسرائیل پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا،اس لیےپاکستان کے ساتھ اتحاد قائم کر رہا ہے۔امت مسلمہ اگرآپس میں اتحاد کر لےتو دنیا کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔کشمیر،فلسطین سمیت تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں،لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان متحد ہو جائیں۔قطر پر حملہ کر کےیہ پیغام دیا گیا ہے کہ کوئی بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔اب سب سمجھ رہے ہیں کہ حقائق کیا ہیں؟اب بھی وقت ہے کہ امریکہ سمیت کسی پر بھی بھروسہ نہ کیا جائے بلکہ خود کومضبوط کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ کوئی حملہ بھی کرے تو اس کو ہزار بار سوچنا پڑے۔سعودی عرب کے پاس سیکیورٹی کے لیےتقریبا تمام سسٹم امریکہ سے لایا گیا ہےاور اس کو آپریشنل رکھنے کے لیےامریکی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔قطر نے بھی امریکہ پر بھروسہ کیا تھالیکن اس پر حملہ کر دیا گیا۔سعودی عرب کو بھی حقیقت کی سمجھ آگئی ہے۔اب سعودی عرب اور پاکستان نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں،امید کی جانی چاہیے کہ مستقبل بہت ہی بہتر ہوگا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International