تازہ ترین / Latest
  Tuesday, December 24th 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

سماج میں پھیلتی براٸیاں اور اصلاح کی ضرورت

Articles , Snippets , / Tuesday, November 19th, 2024

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
پیارے قارٸین!یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ زندگی کا سفر تو بہت آسان ہے فقط ایک ضابطہ اور نصب العین پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔سماج اور معاشرہ میں اچھی فضا اسی وقت پیدا ہوتی ہے جب افراد مل جل کر زندگی بسر کریں۔محبت اور اخلاص پایا جاۓ۔اس ضمن میں ہر فرد کی کچھ ذمہ داریاں بھی ہوتی ہیں۔حقاٸق کا ادراک اور معاملات سلجھانے کی صلاحیت اور اصلاحی تحریک افراد معاشرہ میں پیدا کرنا ہے۔سماج اور معاشرہ میں افراد کے مابین انفرادی اختلافات پاۓ جاتے ہیں۔ان کی نفسیاتی اور ذہنی حیثیت کو مدنظر رکھتے حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔اچھے اور برے کا فرق معلوم کرنا اور نیکی و بدی کا مفہوم سمجھنا سماج کی بہتری کے لیے بھی اہم ہے۔یہ سب کچھ تعلیم کے عمل سے ممکن ہے۔تعلیم سے افراد میں شعور بیدار ہوتا اور سوچ پختہ ہوتی ہے۔سوال پیدا ہوتا ہے کہ پرامن سماج کا خواب کیسے شرمندہ تعبیر ہو پاتا ہے؟اس ضمن میں آپ کی راۓ راقم سے کہیں بہتر ہو سکتی ہے تاہم میرے مشاہدات کے مطابق عنوان کی اہمیت کے پیش نظر سماج میں پھیلتی براٸیاں اور ان کی اصلاح ناگزیر ہے۔زبان اللہ کریم کی دی ہوٸی سب سے بڑی نعمت ہے۔اس کا مناسب استعمال ہی تو سماج میں قیام امن کا ضامن ہوتا ہے۔جب سماج میں امن ہوتا ہے تو افراد سکھ کا سانس لیتے ہیں اور زندگی مسکراتی ہے۔سماج میں جس قدر بے چینی اور بے اطمینانی کی کیفیت پاٸی جاتی ہو اس کے پس منظر میں زبان کا منفی استعمال ہی وجہ بنتا ہے۔غیبت تو ایک بہت بڑا گناہ ہے۔اس سے معاشرتی فاصلے بڑھتے ہیں۔اتحاد و اتفاق کا بھرم ٹوٹتا ہے۔خواہشات نفسانی پر قابو پانا بھی بہتری کی علامت ہے۔نفس امارہ چونکہ انسان کو براٸی پر اکساتا ہے اس لیے اس پر قابو پانا ضروری تصور ہوتا ہے۔تعلیم ہی ایک مسلسل عمل ہے جس سے نہ صرف زندگی کا روپ تبدیل ہوتا ہے بلکہ حسن معاشرت میں بھی خوبصورتی سی پیدا ہوتی ہے۔جھوٹ کی فتنہ سامانیوں سے نجات تو حسن معاشرت کے لیے ناگزیر ہے۔تعلیم کا زیور افراد معاشرہ کی سیرت و کردار میں تبدیلی رونما کرتا ہے۔سچ کی اہمیت بھی تعلیم سے عیاں ہوتی ہے۔بقول شاعر:
ہو صداقت کے لیے جس دل میں مرنے کی تڑپ
پہلے اپنے پیکر خاکی میں جاں پیدا کرے
سماج کی بہتری اور استحکام کے لیے اتہام اور غیبت کی نوعیت جاننا بھی ناگزیر ہے۔راز حیات بھی یہی ہے کہ خواہشات کے غلبہ سے انسان کردار کا غازی نہیں بنتا بلکہ نیک اعمال سے کردار میں حسن و خوبی پیدا ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق علم چونکہ انسان کی رہنماٸی کرتا اور جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکال کر روشنی کی دنیا میں انسان کو رہنے کے قابل بناتا ہے۔نیز اصلاح معاشرہ کی اہمیت کاادراک بھی علم کے نور سے ہوتا ہے۔اللہ کریم سے محبت٬اطاعت رسولؐ اور انسانیت سے محبت کے جذبات و احساسات بھی علم سے فروغ پاتے ہیں۔علم محمود سے مقام آدمیت کا فلسفہ اور مفہوم سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔سماجی براٸیوں کا تذکرہ جب بھی ہوتا ہے تو شراب نوشی٬منشیات٬فحاشی و عریانی ظلم ٬ناانصافی کے بھیانک واقعات سے انسانی ذہہن سخت متاثر ہوتا ہے۔مذموم افعال سے زندگی کا اصل چہرہ بگاڑ دیتے ہیں۔نفرت زدہ ماحول پیدا ہونے سے زندگی متاثر ہوتی ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی ادارے٬مساجد اور مدارس میں علم کی اہمیت اور نیکی کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھی جاۓ۔مثبت پہلو اجاگر کیے جاٸیں۔معماران قوم کی رہنماٸی احسن انداز سے کی جاۓ۔اس کیفیت سے ہی انقلاب رونما ہوتا ہے۔تعلیمی انقلاب تو سماج کی ترقی کے لیے سب سے بڑی ضرورت ہے۔بقول شاعر:
میرے اللہ براٸی سے بچانا مجھ کو
نیک جو راہ ہو اس رہ پہ چلانا مجھ کو
رب کریم کے حضور انسان کو ہروقت دعا مانگنی چاہیے۔رب کریم بڑا ہی مہربان ہے دعاٸیں قبول فرماتا ہے۔کامیاب زندگی کا تصور اسی سے عیاں ہوتا ہے۔سماج اور معاشرہ میں اخوت ٬بھاٸی چارہ٬محبت اور پیار کے اصول فروغ پاتے ہیں۔یہ حقیقت تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کاٸنات میں انسان کا رتبہ بلند ہے ۔یہ رتبہ علم سے ملا اور عصرنو کے تقاضوں کے مطابق علم کی اہمیت مسلمہ ہے۔جہالت کی تاریکیوں میں زندہ رہنا تو گمراہی کے اندھیروں میں بھٹکنا ہے۔زندگی کے سفر میں آسانیاں اسی وقت پیدا ہو پاتی ہیں جب انسان اپنی حالت علم کی قندیل کی روشنی سے تبدیل کر پاۓ۔خوف خدا سے منزلیں آسان ہوتی ہیں۔حسد٬بخل٬جیسی براٸیوں سے سماجی تقاضوں پر ضرب لگتی ہے۔معاشرتی انحطاط کے اسباب جاننے کی ضرورت بھی ہے۔خواہشات نفسانی پر قابو پانا اور میانہ روی سے زندہ رہنا انسانیت کی کامیابی ہے۔مطالعہ قرآن و کتب کا اہتمام اور حسن انتخاب میں بھی غوروفکر کی ضرورت ہوتی ہے۔اسی سے انسان کے زاویہ خیال میں مثبت تبدیلی پیدا ہوتی ہے۔انسانیت کی بھلاٸی کے کام کرنا کامیابی ہے۔فریب کاری٬ریاکاری٬کذب بیانی٬ملاوٹ دھوکہ دہی٬جیسے ناسوروں سے سماج کی بنیادیں کمزور ہوتی ہیں۔ہیجان خیز صورتحال سے بچنے کے لیے سماجی براٸیوں کا سد باب ضروری ہوتا ہے۔بصورت دیگر فتنے بےچینی پیداکرتے رہتے ہیں اور سماج کمزور ہوتا رہتا ہے۔قرآن مجید تو انسان کی فکری اور عملی رہنماٸی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ بات ہر وقت مدنظر رہنی چاہیے ”اللہ کریم کاٸنات کے ایک ایک ذرہ٬اس سے بڑی یا اس سے چھوٹی ہر چیز کو خوب ھاننے والا ہے“(القرآن)
یہ بات مدنظر رہنی چاہیے کہ رزق حلال عین عبادت ہے۔اس لیے حرام سے بچنا چاہیے۔حق اور صداقت کا راستہ اختیار کرنے سے کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ریاکاری اور نمودونماٸش سے دامن بچانا فلاح ہے۔اخلاقی جراٸم جس قدر کم ہوں گے تو سماج میں بہتری ہو گی۔امتحانات میں ناجاٸز ذراٸع کا استعمال٬بدعنوانی٬سفارش جیسی لعنت سے کردار مسخ ہوتا اور شخصیت متاثر ہوتی ہے۔اس لیے مطالعہ کی اہمیت زیادہ ہے۔ماضی کے المناک واقعات سے آگاہی سے ہی زندگی تبدیل ہو پاتی ہے۔بہترین راہ عمل سے زندگی سدھرتی ہے۔بقول شاعر:
یہی آٸین قدرت ہے٬یہی اسلوب فطرت ہے
جو ہے راہ عمل میں گامزن محبوب فطرت ہے
اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہوتا ہے۔عصرنو کے حالات میں تقاضے پورے نہیں ہو رہے تشنگی ابھی باقی ہے۔بقول شاعر:
اٹھا میں مدرسہ و خانقاہ سے غم ناک
نہ زندگی٬نہ معرفت٬نہ محبت٬نہ نگاہ
وہ تمام معاشرتی عارضے جن سے سماج کی زینت متاثر ہوتی ہے ان کا خاتمہ ضروری ہے۔غرور٬تکبر٬ظلم٬غصہ٬نفاق٬
خیانت٬بدزبانی٬وعدہ خلافی٬بہتان٬بخل٬حسد٬عیب جوٸی ٬کے نقصانات کے خاتمہ سے ایک خوبصورت فضا پیدا ہوتی ہے۔ان براٸیوں کا خاتمہ وقت کا تقاضا بھی ہے۔انسان چونکہ سراۓ فانی کا مسافر ہے۔اس لیے نیک راہ کا انتخاب کامیابی کے لیے ضروری ہے۔اصلاحی پہلو مدنظر رہنے سے زندگی کے گلستان میں بہار کے پھول کھلتے ہیں۔انسان کا وقار عمدہ اعمال اور اچھی عادات سے بلند ہوتا ہے۔انسان کو ہمیشہ اپنی اصلاح پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔بقول شاعر:
اوروں کی آگ کیا تجھے کندن بناۓ گی
اپنی بھی آگ میں کبھی چپ چاپ جل کے دیکھ
تحریر۔فخرالزمان سرحدی
گاٶں ڈِنگ٬ڈاک خانہ ریحانہ
تحصیل و ضلع ہری پور
رابطہ۔03123377085


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International