Today ePaper
Rahbar e Kisan International

شاباش پاکستان

Articles , Snippets , / Wednesday, September 3rd, 2025

rki.news

راجا  ناصر محمود ۔ قطر

               ورلڈ  گیونگ   2025  کی  رپورٹ کے مطابق پاکستان  دنیا کے سب سے زیادہ سخی ممالک میں 17ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ یہ رپورٹ  انگلینڈ کی چیریٹیز  ایڈ  فاؤنڈیشن (CAF)  اور فلاحی کام کرنے والی تنظیم   پاکستان سنڑ  (PCP) کے پیش کردہ اعداد و شمار کی روشنی  میں مرتب کی گئی ہے جس میں  مالی عطیات،  رضاکارانہ خدمات اور اجنبی افراد کی مالی  امداد  وغیرہ کو  بنیاد  بنایا  گیا  ہے ۔   یہ اعزاز  پاکستان کے روشن، ہمدرد اور انسان دوست چہرے کا واضع  عکاس ہے جس کی اب پوری دنیا معترف ہے۔  پاکستانی عوام جس طرح اپنی محنت کی کمائی دل کھول کر ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ویلفیئر، سیلانی ٹرسٹ، اخوت، الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر اداروں کے ذریعے یا  براہِ  راست  ضرورت مندوں کو فراہم کرتے ہیں  وُہ  پاکستانیوں کی  سخاوت، دریا  دلی  اور انسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اور یہی خوبی  پاکستان کو دنیا کی سب سے ہمدرد اور فلاحی قوموں میں ایک ممتاز اور باوقار مقام پر پہنچاتی ہے۔  یہ قابلِ فخر مقام  پوری پاکستانی قوم کے لئے باعثِ اطمینان ہے  کہ ہمارے لوگ آج کل کے  مشکل ترین حالات میں بھی دوسروں کی مدد کو  ترجیح دیتے ہیں اور  نادار  اور مصیبت  میں گِھرے لوگوں کی مالی اعانت اور خدمت کرنے میں کوئی کوتاہی  یا  ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے  ہیں۔

             پاکستان کی تاریخ قدرتی آفات اور انسانی المیوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے قوم کا بار بار امتحان لیا ہے۔  1935 کے کوئٹہ زلزلے میں تقریباً 60  ہزار  افراد جاں بحق ہوئے، 1970 کے مشرقی پاکستان کے طوفان میں تقریباً  5 لاکھ جانیں ضائع ہوئیں۔ 1992 کے سیلاب میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے جب کہ  2005 کے زلزلے میں 80 ہزار سے زیادہ جانیں گئی اور معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ اسی طرح  2010 کے سیلاب میں  ملک کا پانچواں حصہ ڈوب گیا اور تقریباً  دو کروڑ افراد متاثر ہوئے۔ 2022 کے ہولناک سیلاب میں بھی 1700 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 کروڑ سے زیادہ متاثرہوئے۔ پاکستان میں حالیہ برسوں میں کلاؤڈ برسٹ اور غیر معمولی بارشوں کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں جو دراصل کئ طرح کی  ماحولیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ ہیں اور آئے دن لوگوں کے لئے کئی طرح کی مشکلات اور مصائب کا باعث بنتے ہیں ۔ لیکن ان تمام المیوں اور سانحات میں  پاکستانی عوام کا مصیبت زدہ لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنا  ایک  بڑا حوصلہ افزا  اور قابلِ ستائش عمل ہے۔

           آج کل مُلک کے طول و عرض میں   سیلابی صورتحال بھی ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دے چکی ہے۔ غیر معمولی بارشوں کے ساتھ  بھارت کی آبی جارحیت نے سیلابوں کی صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہےجس سے  لاکھوں افراد بے گھر اور وسیع رقبے پر کھڑی  فصلیں تباہ ہو گئی ہیں ۔ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو فوری طور پر خیمے، صاف پانی، خشک و پکا ہوا کھانا، ادویات، کپڑے،  بچوں کے دودھ اور راشن کی فوری  ضرورت ہے۔ اس مشکل وقت میں ہمارے فلاحی ادارے اور مخیر حضرات انفرادی طور پر بھی  متاثرین کی داد رسی کے لیے کوشاں ہیں۔  لیکن  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو مزید فعال، جدید اور تیز ترین اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امدادی کارروائیاں زیادہ بہتر ، منظم اور تیز رفتاری سے پایہ تکمیل کو پہنچیں ۔ یہاں مجھے پوری امید  ہے کہ پاکستانی عوام اپنی روایتی ہمدردی ، سخاوت اور ایثار کے جذبے سے متاثرین کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور ایک بار پھر یہ ثابت کریں گے  دنیا کی سب سے ہمدرد، انسان دوست اور سخی قوموں میں پاکستان صفِ اول میں موجود ہے اور پاکستانی مشکل اور مصیبت میں گِھرے اپنے ہم وطنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے۔

پاکستان  زندہ  باد


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International