تازہ ترین / Latest
  Sunday, December 22nd 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

اُردو ادبی تنظیم، ”*رنگ ریختہ“ کے زیرِ اِہتمام کوالالمپور میں ایک یادگار ادبی محفل کا اِنعقاد

Events - تقریبات , Snippets , / Thursday, December 5th, 2024

شاعرِ مشرق علّامہ محمد اِقبال کے یومِ ولادت کی مناسبت سے 9 نومبر 2024 بروز ہفتہ ملائیشیا کی اُردو ادبی تنظیم، “*رنگ ریختہ “ کے زیرِ اِہتمام کوالالمپور میں ایک یادگار ادبی محفل کا اِنعقاد عمل میں آیا۔
سابق سِول سرونٹ اور صاحبِ کُتب نثر نگار جناب محمد بُوٹا انجم اس خوبصورت نشست کے صدرِ محفل تھے جبکہ نامور شاعرہ و ادیبہ میڈم قدسیہ قدسی مہمانِ خصوصی اور مرزا صادق ضمیر مہمانِ اعزازی کے طور پر شریکِ محفل تھے۔معروف ماہرِ تدریس اور رنگِ ریختہ ملائیشیا کے بانی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی اور اسلامی فلسفہ پر اتھارٹی کا درجہ رکھنے والے پروفیسر حمید اللہ مرازی بھی سٹیج پر رونق افروز تھے۔اس مشاعرے کی نظامت کی ذمہ داری صاحبِ طرز شاعر جنابِ عاطر عثمانی کے سپرد تھی۔
محفلِ مشاعرہ کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہُوا جِس کے بعد ڈاکٹر نصیب صدیقی نے نعتِ رسولِ مقبول اِنتہائی خوش الحانی سے پڑھ کر حاضرین سے داد وصول کی۔ابتدائی کلمات میں بانئ تنظیم پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی نے شرکائے مجلس کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہوئے اُنہیں اِس تنظیم اور محفلِ مشاعرہ کی شانِ نزول سے آگاہ کیا۔
مشاعرے کا باضابطہ آغاز ایک نوجوان شاعر ارسلان شایان کے دِلکش کلام سے ہوا جِس کے بعد انٹرنیشنل اِسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیا میں پی ایچ ڈی کی طالبہ اِرم یاسین نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔شہر کی معروف کاروباری اور ادب شناس شخصیت جنابِ محمد اقبال نے بھی علامہ اقبال کی ایک مشہور غزل پُر تاثیر انداز میں سُنا کر محفل میں اپنا حِصہ ڈالا۔بعد ازاں جناب ذیشان حیدر،محترمہ عذرا جمال،ڈاکٹر روئیس ممتاز،پروفیسر ڈاکٹر زینت کوثر،محترمہ قدسیہ قُدسی،پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ مرازی,عاطر عُثمانی اور جنابِ محمد بُوٹا انجم نے بھی اپنے کلام سے حاضرینِ مجلس کو محظوظ کرتے ہوئے داد و تحسین وصول کی۔
کوالالمپور جیسے متنوع قومیّتوں پر مُشتمل شہر میں اُردو ادب سے متعلقہ اِس محفلِ مشاعرہ میں صاحبِ ذوق شرکا کی کثیر تعداد کے پیشِ نظر یہ بخوبی کہا جا سکتا ہے کہ
اُردو ہے جِس کا نام ۔۔ہمیں جانتے ہیں داغ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
ایک وسیع و عریض ہال میں سہ پہر پانچ بجے شروع ہونے والی یہ پُر ہجوم محفلِ مشاعرہ “ وقفہ برائے نمازِ مغرب” کے بعد بھی جاری رہی جِس کے اختتام کا اعلان رنگِ ریختہ کے کنوینر ڈاکٹر روئیس ممتاز کی زبانی ہُوا۔آخر میں شُرکائے محفل ایک پُر تکلّف عشائیے سے بھی شِکم سیر ہوئے۔
اُمیدِ واثق ہے کہ “ رنگِ ریختہ ملائیشیا”کے زیرِ انتظام ایسی مسحور کُن ادبی تقریبات کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری و ساری رہے گا۔

سید محمد عثمان غنی
پی ایچ ڈی سکالر
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International