Today ePaper
Rahbar e Kisan International

صدر امریکہ کا دورۂ سعودی عرب اور سوشل میڈیا پر عوامی ہیش ٹیگ مہم

Articles , Snippets , / Sunday, May 18th, 2025

rki.news
حالیہ دنوں میں صدرِ امریکہ کے دورۂ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے عالمی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ بظاہر یہ ایک سفارتی و معاشی نوعیت کا دورہ تھا، جس میں توانائی، دفاع اور مشرق وسطیٰ میں استحکام جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ تاہم، مسلم دنیا بالخصوص سوشل میڈیا پر اس دورے کو ایک نئے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔
صدرِ امریکہ کے طیارے کے خلیجی فضاؤں میں داخل ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بننا شروع ہو گئے۔ “HandsOffOurSovereignty”، “NoToDoubleStandards”، “امت جاگ رہی ہے” جیسے ہیش ٹیگز ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر مقبول ہونے لگے۔ لاکھوں مسلم صارفین نے ان ہیش ٹیگز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
یہ صرف تنقید نہیں تھی، بلکہ ایک شعوری پیغام تھا: مسلم عوام اب صرف اپنی حکومتوں کے فیصلوں کے محتاج نہیں، وہ عالمی سیاست پر اپنی رائے رکھنے اور اسے پھیلانے کے ذرائع رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں حکومتوں کی خاموشی یا مصالحانہ بیانیہ کے برخلاف عوام براہ راست اظہار کر سکتے ہیں ان کے ہیش ٹیگز کے پیچھے جذبات جو عوامل کارفرما تھے ان میں سب سے اہم نقطہ فلسطین، یمن، اور دیگر مسلم ممالک میں امریکی پالیسیوں کے دوغلے معیار پر ناراضی کا تھا عوام نے اس کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے، عوام نے امریکی قیادت پر دہرا معیار اپنانے کا الزام لگایا۔
ہیش ٹیگز میں بار بار “امت مسلمہ” کا ذکر آیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم عوام اب اسلامی وحدت اور غیرت کو صرف خطبوں کا موضوع نہیں بلکہ عملی جدوجہد سمجھتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کئی صارفین نے اپنی ہی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا واقعی یہ دورے ملکی مفاد میں ہیں، یا عالمی طاقتوں کے دباؤ کا نتیجہ؟
یہ عوامی ردعمل یہ ظاہر کرتا ہے کہ مسلم دنیا کا باشعور طبقہ اب سیاسی شعور رکھتا ہے۔ وہ صرف جذباتی نہیں بلکہ باخبر بھی ہے۔ جہاں ایک جانب ریاستی سفارتکاری اپنے مخصوص انداز میں چل رہی ہے، وہیں دوسری جانب ڈیجیٹل سفارتکاری مسلم عوام خود کر رہے ہیں صدرِ امریکہ کا یہ دورہ سفارتی تقاضوں کے تحت درست ہو سکتا ہے، مگر سوشل میڈیا کی دنیا میں مسلم عوام نے جو بیداری دکھائی، وہ ایک نیا موڑ ہے۔ یہ ٹرینڈز محض وقتی نہیں، بلکہ اس بات کا عندیہ ہیں کہ مسلم دنیا اب صرف میدانِ جنگ میں نہیں، رائے عامہ کے محاذ پر بھی متحرک ہے۔

بنتِ پاکستان کے قلم سے
شازیہ عالم شازی


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International