Today ePaper
Rahbar e Kisan International

عالمی کاروان ادب کا آن لائن جلسہء تہنیت برائے ڈاکٹر رمیصاء ندیم جیلانی

Literature - جہانِ ادب , Snippets , / Friday, July 25th, 2025

rki.news

رپورٹ رائٹر
مبصر ایمان (سعودی عرب)

پر امن اور معتبر ادب کے فروغ کی تحریک عالمی کاروان ادب کے زیر اہتمام 24 جولائی 2025 کی شب 9:30 بجے شب (انڈین ٹائم) اور 7:00 (قطر ٹائم) آن لائن جلسہء تہنیت برائے ڈاکٹر رمیصاء ندیم جیلانی منعقد ہوا-
ناظم اجلاس چیرمین عالمی کاروان ادب جناب مظفر نایاؔب نے جلسہء تہنیت کا آغاز کرتے ہوے بتایا کہ الحمدللہ! آج ہم سب یہاں ایک خوش آئند اور فخر آمیز موقع پر جمع ہیں، ایک ایسی طالبہ کی کامیابی پر تہنیت پیش کرنے جا رہے ہیں جو علمی اور ادبی خانوادے کی رکن ہیں.

ڈاکٹر رمیصاء ندیم جیلانی بنت ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش نے آکسفورڈ یونیورسٹی، برطانیہ سے میڈیکل کی ڈگری کی حاصل کی ہے اور اب ہیرفورڈ میں فاؤنڈیشن ٹریننگ کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، ڈاکٹر رمیصاء ندیم جیلانی ایک ایسے معاشرے کی رکن ہیں جو تعلیمی, دینی اور تہذیبی اقدار کا بھرپور عکاس ہے.

اس پُرنور محفل کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت کلام سے جناب اظفر دھنبادی (کنوینر-ہند) نے پرسوز تلاوت سے کیا، مسند صدارت پر ہندوستان سے ادب اطفال کے سرخیل ممتاز ادیب و افسانہ نگار کئی کتب کے مصنف جناب سراج عظیم براجمان رہے، جناب سراج عظیم نے اپنے صدارتی خطبہ میں صاحب اعزاز کو مبارک باد پیش کی اور خوب حوصلہ افزائی بھی فرمائ-

ناظم اجلاس مظفر نایاؔب نے ڈاکٹر رمیصاء کو مہمان اعزازی کی نشست پر مدعو کرتے ہوے کہا کہ، یہ ہماری خوش بختی ہے کہ آج ہمارے درمیان موجود ہیں ڈاکٹر رمیصاء ندیم جیلانی، جنہوں نے دنیا کی نامور درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کی، اور اب برطانیہ میں فاؤنڈیشن ٹریننگ کا آغاز کر رہی ہیں۔ یہ موقع نہ صرف ان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ہماری تمام بیٹیوں، طالبات اور والدین کے لیے بھی باعثِ ترغیب ہے۔ ڈاکٹر رمیصاء کے والد قطر کے ممتاز شاعر ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش بھی مہمان اعزازی رہے-

بہار کے دربھنگہ کے کمہرولی گاؤں کے ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی جو برطانیہ کے مانچسٹر میں مقیم ہیں اور فی الوقت قطر کے سدرہ ہاسپیٹل کے شعبہ حمایت الطفال کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں ان کی صاحبزادی رمیصاء ندیم جیلانی نے برطانیہ کی شہرہ آفاق آکسفورڈ یونیورسٹی سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کر لی ہے اور ابھی ہفتے کے روز آکسفورڈ کے شیلڈونین تھیٹر ہال میں منعقدہ کانوکیشن میں ان کو میڈیکل کی ڈگری تفویض کی گئی۔ گزشتہ روز آکسفورڈ یونیورسٹی کے سالانہ پروگرام میں میڈیکل کے فارغین کو اسناد تقسیم کی گئیں۔
آکسفورڈ کی تقریب بارھویں صدی عیسوی سے چلی آ رہی روایت کے مطابق لیٹین زبان میں منعقد ہوئی۔ سند یافتگان نے روایتی رنگ برنگے ملبوس اور کلاہ پہنی ہوئی تھی ۔ طلباء اور ان کے والدین کے لئے یہ دن بہت یادگار تھا اور ان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
رمیصاء کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے جس میں بیشتر افراد کا تعلق طبی پیشے سے ہے۔ ان کے دادا مرحوم ڈاکٹر ظفر مناف جیلانی اور نانا ڈاکٹر پروفیسر حسین احمد مرحوم بھی میڈیکل ڈاکٹر تھے۔ رمیصاء کے والد کے علاوہ ان کے دو چچا اور ایک پھوپی بھی برطانیہ سے سند یافتہ ڈاکٹرس ہیں۔
رمیصاء کی پیدائش پٹنہ میں ہوئی لیکن بعد ازاں وہ اپنے والدین کے ساتھ انگلینڈ چلی گئیں جہاں ان کی ابتدائی اور ثانوی اسکول کی تعلیم مانچسٹر کے الٹرنکام گرامر اسکول فار گرلز سے ہوئی تھی۔ رمیصاء کو شروع سے ہی مطالعے کا بہت شوق تھا اور انہوں نے سارے امتحانات میں امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کی۔ میڈیکل کے لئے بھی انہیں آکسفورڈ کے علاوہ مانچسٹر ، لیور پول اور لیڈز کے میڈیکل اسکول سے داخلے کا آفر ملا تھا۔ آکسفورڈ میں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ رمیصاء وہاں کی اسلامک سوسائٹی کی فعال رکن بھی تھیں۔
برطانیہ کے جنرل میڈیکل کاؤنسل سے رجسٹریشن کے بعد اب وہ آکسفورڈ کے ہیریفورڈ میں فاؤنڈیشن ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔ ایوارڈ کی تقریب میں شریک ہونے رمیصاء کے والد کے علاوہ ان کی والدہ غزالہ یاسمین اور ان کے چھوٹے بھائی بہن بھی قطر سے انگلینڈ گئے ہوئے ہیں۔
تقریب کو انٹرنیٹ پر براہ راست لائیو اسٹریم بھی کیا گیا تھا جسے قریبی رشتے داروں نے ہندوستان سے بھی دیکھا۔
رمیصاء کے والد ڈاکٹر جیلانی نے اس موقع پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ ہم سب کے لئے بڑے فخر اور انبساط کا موقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی وہ ایک اچھی ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کریں گی اور ان کی کامیابی سے علاقے میں لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کی راہیں مزید کشادہ ہونگی۔

رمیصاء کی کامیابی اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ اگر موقع ملے تو مسلم بچیاں اپنی مذہبی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا کی بہترین دانش گاہوں میں اعلی ترین تعلیم حاصل کر سکتی ہیں۔

اجلاس کے آغاز میں میں جناب مبصر ایمان (سعودی عرب) نے حمد اور کنوینر جناب اظفر دھنبادی نے مترنم نعت پیش کی، جناب عامر اعظمی (یو اے ای) (صدر عالمی کاروان ادب) نے افتتاحی خطاب پیش کیا-

جناب مظفر نایاب (قطر-چیرمین عالمی کاروان ادب) ماہر ِ تاریخ گوئی نے بزم کی جانب سے سند تہنیت پیش کی اور قطعہء تاریخ و تہنیت پیش کیا-

اجلاس میں جناب نعیم اللہ حسینی (ہند) جناب ضیاء عرشی (سعودی عرب) جناب شاہد سنگار پوری (ہند) جناب عبد الحفیظ ہاشمی (یو کے) جناب مشیرالدین (قطر) وغیرہ نے مبارک باد پیش کی-

آخر میں ناظم اجلاس مظفر نایاؔب نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈاکٹر رمیصاء کو تہنیتی کلمات پیش کرتے ہیں اور دلی دعائیں دیتے ہیں کہ ﷲ تعالیٰ ان کے علم کو نافع بنائے، ان کے قدم دین، انسانیت اور ترقی کی راہ میں استقامت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔

رپورٹ:
مبصر ایمان
شریک معتمد عالمی کاروان ادب


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International