تازہ ترین / Latest
  Thursday, March 13th 2025
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

علم و آگہی کے چراغ۔۔

Articles , Snippets , / Sunday, March 2nd, 2025

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
پیارے قارئین! علم و آگہی کے چراغ انسانی زندگی کی رونقیں اور بہار کا سامان ہیں۔علم و آگہی کے ذرائع کتب ہیں۔ان کی اہمیت اور افادیت سے کبھی انکار ممکن نہیں۔اس ضمن میں کتب کی اہمیت کا جائزہ لیا جاۓ تو با مقصد اور جامع کتب روشنی کا سب سے بڑا ذریعہ شمار ہوتی ہیں۔کتب کی کئی اقسام ہوتی ہیں۔ان کی درجہ بندی بھی کی جاتی ہے۔دینی علوم پر مشتمل کتب اور دنیوی علوم پر مشتمل کتب کا انسانی زندگی کے فروغ اور ترقی کے ساتھ گہرا ربط ہے۔یہ بات مسلمہ ہے قرآن مجید کی روشن تعلیمات سے انسان استفادہ کرتے ہیں۔اور زندگی کے حقیقی مفہوم سے آگہی بھی ملتی ہے۔اسی طرح اسلامی کتب اور سیرت کی کتب کی افادیت بھی بہت اہم ہے۔فقہ اور آداب زندگی کے رہنما اصول بھی تو کتب سے ہی معلوم ہوتے ہیں۔کتابیں تو ایک طرف معلومات کا خزینہ ہیں تو دوسری طرف دل و دماغ کی تازگی کا ذریعہ بھی ہیں۔ان کے مطالعہ سے نہ صرف علم میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ جذبات و احساسات کے خاموش سمندر میں ایک تحریک بھی پیدا ہوتی ہے۔کتابوں کے ذریعے علمی اور ثقافتی ورثہ آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔علوم و فنون کی ثروت بھی کتب کے مطالعہ سے ملتی ہے۔کتب سے محبت اور مطالعہ کے اثرات بہت گہرے ہوتے ہیں۔کتابیں ہی تو اس راز سے عقدہ کشائی کرتی ہیں مادیت کے مارے انسان تو روحانیت سے بیگانگی کا شکار ہیں۔انسانیت تو حرص و خواہش کی آگ میں جل کر خاکستر ہے۔دنیا آج تک ہیروشیما اور ناگا ساکی کی تباہی کو بھول نہیں پا رہی وہ دردناک داستان بھی تو کتابوں میں موجود ہے۔عبرت انگیز واقعات بھی تو کتب میں موجود ہیں۔زندگی کا تقاضا تو آگہی ہے۔آگہی کتب کے مطالعہ سے ہو پاتی ہے۔یوں متاع آگہی کا محور و مرکز تو اللہ کا قرآن اور سیرت رسولؐ اور اسلامی علوم پر مشتمل کتب ہیں۔تاہم دنیوی علوم اور زندگی کا بھی ایک ربط اور تعلق ہے۔ازروۓ شریعت جائز کتب کے مطالعہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔شعلہ فکرواحساس بھی تو مطالعہ کتب سے روشن ہوتا ہے۔شخصیت میں نکھار٬کردار میں ندرت٬فکر میں بلندی٬سوچ میں وسعت٬کے پھول بھی کھلتے اور دامن دل خوشیوں سے بھرتا ہے۔جب علم کی بوندیں گرتی ہیں۔قدرت کے نظارے اور حیات انسانی کا مطالعہ کریں تو حیرت ہوتی ہے۔آرائش نکہت خیال میں خوبصورتی کتب کے مطالعہ سے پیدا ہوتی ہے۔شکستہ دلوں میں حوصلہ٬پذیرائی اور رہنمائی بھی تو علم کے خزینوں سے ملتی ہے۔کتب کے ساتھ تعلق جوڑنا خوبصورتی کی علامت ہے۔شب تنہائی کا احساس مطالعہ سے رفع ہوتا ہے اور مسرتوں کے غنچے بھی مسکراتے ہیں۔تبدیلی اور انقلاب دل پر دستک دیتی ہے۔درد کا احساس بھی تو مطالعہ کتب سے بیدار ہوتا ہے۔اصلاح معاشرہ سے عملی کام تک رہنماٸی کا ذریعہ کتب ہی تو ہیں۔اجتماعی زندگی کا راز ہو کہ با جماعت نماز کا فلسفہ ٬انسانیت کی بقاء کا معاملہ ہو کہ اندھیروں میں روشنی ٬حکمت روح کا سوال ہو کہ حسن سلوک مطالعہ کتب سے ہی حقیقت کھلتی ہے۔زندگی کا دستورالعمل ہو کہ عدل و انصاف کے تقاضے٬آداب زندگانی ہوں کہ راز حیات کی کہانی سب حقائق ہمیں کتابوں سے معلوم ہوتے ہیں۔گویا علم و عرفان کا حسین امتزاج بھی ہیں۔
تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
رابطہ۔03123377085


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International