rki.news
تحریر، ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
کبھی دیکھے ہیں ایسے لوگ جو برسات کے موسم میں صحن میں کھڑے ہونے والے پانی میں کاغذ کی کشتیاں بنا کے چھوڑ دیتے تھے اور انھیں تیرتا ہوا دیکھ کے بچوں کی طرح خوش ہو کے تالیاں بجاتے تھے، وہ لوگ بھی تو دیکھے ہی ہوں گےجو کبھی اچار، کبھی پیاز اور کبھی آم کے ساتھ روٹی کھاتے تھے جو بان کی چارپائی پہ چاندنی رات کے مست نظاروں میں کھو کے، ریڈیو کی دھیمی آواز میں، ملکہ ترنم نور جہان کے مدھر نغمے سنتے اور سر دھنتے دھنتے نیند کی مہربان وادیوں میں اتر جاتے تھے، جب ساون کے جھولے، جھولے جاتے تھے، حلوہ پوری اور پوڑے کھاے جاتے تھے، جب گڑ کے چاول دیسی گھی میں تیار ہوتے تھے اور انھیں گھر کے بنے ہوے تازہ مکھن سے سجایا جاتا تھا اور سب سے مزیدار سویٹ ڈش تھی گڑ والے چاولوں کی کھرچن تو ان گڑ والے چاولوں کی. کھرچن کے تو کیا ہی کہنے، گھر کے بڑے چھوٹے سب ہی اس کھرچن کی محبت میں گرفتار تھے، اور بیسن کے مرچوں اور بینگن والے پکوڑوں کا تو کیا ہی کہنا، جونہی بارش کی پہلی بوند پڑتی، ندا آپا بیسن گھول کر کڑاہی میں گھی کڑکڑانا شروع کر دیتیں، بوا جی آلو اور بینگن کاٹنے کے ساتھ ساتھ ہری مرچوں کو دھو کر ان کی ڈنڈیاں الگ کرنا شروع کردیتیں، لڑکیاں بالیاں صحن میں پڑی ہوی پینگ پہ پینگیں جھولنا شروع کر دیتیں، صالحہ آپا خستہ پوڑیاں اور دیسی گھی کا حلوہ بنانے میں ہر طرح سے ماہر تھیں، برسات کی رم جھم بوندوں کے ساتھ ہی گھر میں عید کا سا سماں ہو جاتا، ساون میں جو خوشبویں ہمارے باورچی خانے میں اپنا رنگ جماتیں ہم سب سارا سال ان خوشبووں کے سحر میں یہاں سے وہاں چکراتے رہتے مگر وہ کھانوں کی خوشبویں پھر ہمیں اگلے ساون میں ہی آن ملتیں. اور گھر کے چھوٹے بچے، گھر کے بڑوں سے کشتیاں بنوا کر جب پانی میں چھوڑتے، تو جنگل میں منگل کا سا سماں ہوتا، کسی بچے کو بیڑی والی کشتی کی خواہش ہوتی اور کسی کو بغیر بیڑی والی کشتی کی خیر پورا صحن پانی سے بھر کے کسی دریا جیسا ہو جاتا اور اس دریا میں
ہر سایز کی چھوٹی بڑی کشتیاں پانی کی لہروں کے ساتھ ساتھ تیرتیں تو بہت بھلی لگتیں، اب نہ وہ فراغت، نہ وہ ساون، نہ وہ پکوان نہ وہ جھولے، نہ وہ کشتیاں، نہ وہ لوگ اور نہ ہی وہ بچپن کہ آج کل تو بچہ پیدا ہوتے ہی سو سال کا ہوتا ہے. بس ہم یاد ہی کر سکتے ہیں کہ وہ کیا بچپن تھا جو ہم نے کھو دیا. اور سب سے بڑی تلخ حقیقت یہی ہے کہ نہ جانے والے آتے ہیں اور نہ کھوی ہوی چیزیں.
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
punnam.naureenl@icloud.com
Leave a Reply