تازہ ترین / Latest
  Sunday, December 22nd 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

عید اور مہنگائی کی دہشت

Articles , Snippets , / Sunday, April 7th, 2024

کالم : عشرت معین سیما

دنیا بھر میں بسے مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا اختتام اللہ تعالیٰ کی جانب سے عید الفطر کے بیش قدر خوشی کے دن کے ساتھ ہوتا ہے۔ یہ دن جہاں مسلمانوں کے لیے امت مسلمہ کی وحدت کی عکاسی کرتا ہے وہیں اس روز کو منانے سے قبل فطرہ ادا کرکے دوسرے غریب مسلمان بھائی بہن کی خوشیاں خریدنے کا بھی اہتمام کرنے کا حکم اللہ تعالیٰ نے صاحب حیثیت مسلمانوں کو دیا ہے۔ دنیا میں جس قدر مہنگائی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اسی حساب سے فطرہ کی رقم میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ لیکن اس ضمن میں افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مملکت خداد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ذخیرہ اندوز تاجران صاحب اقتدار و اختیار کی سرپرستی میں غریب مسلمان شہریوں کے لیے عید کی خوشیاں حاصل کرنا مشکل بنانے پر تُلے ہوئے ہیں ۔آج تک کی خبر کے مطابق پاکستان میں عید الفطر کے قبل مہنگائی کا پارہ ایک بار پھر اپنی انتہا تک چڑھ گیا ہے،رمضان سے قبل مہنگی ہونے والی اشیاء ضرورت اس ایک ہفتے میں دوبارہ آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ جن میں سولہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سامنے آیا ہے۔
پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح صفراعشاریہ چھیانوے فیصد اضافے کے ساتھ ایک مرتبہ پھرسے انتیس اعشاریہ پینتالس فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سولہ اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شماریات بیورو کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹرکی فی کلو قیمت میں گیارہ روپے اور زندہ مرغی فی کلو تیرا روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
پیاز تین روپے، لہسن چار روپے بیف اور مٹن سات روپے فی کلو تک مہنگے ہوئے۔ چاول، برانڈڈ گھی، پٹرول، کپڑے اورجوتے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
اِن تمام عام اشیائے ضرورت کی قدر میں یکایک اضافہ ہر عام شہری کی کمر پر لدے مہنگائی کے بوجھ میں ایک اور تکلیف دہ عمل ہے۔ رمضان المبارک میں عام شہریوں کی جانب سے یوں بھی روزے کی حالت میں اس سال بچت کا پیمانہ عروج پر رہا۔ لوگوں نے مجموعی طور پر روزے میں سحر و افطاری پر وسیع و مرغن کھانوں سے دسترخوان گھروں میں سجانے سے احتراز کیا ہے۔ اجتماعی افطار و سحر میں بھی سادہ کھانے پیش کئے گئے۔ لیکن پیٹرول و توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے اس بات کا عندیہ ضرور دے دیا تھا کہ اس برس عید الفطر پر بڑھتی ہوئی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کے صبر کا مذید امتحان لیں گی۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ رمضان کے آخر میں شماریات بیورو کے مطابق رواں ہفتے آٹے کا بیس کلو تھیلا ستر روپے تک سستا ہوا ہے جبکہ انڈوں کی فی درجن چھ روپے تک کمی ہوئی ہے۔ دال مسور، دال مونگ، چینی، آلو، کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، بائیس اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
لیکن ساتھ ہی عوام کو یہ بھی اچھی طرح یاد ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ان ہی اشیاء ضروریہ کی قیمت کئی گنا بڑھا کر آج اُن کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی معاشی عدم استحکام کی صورتحال براہ راست سماجی نظام کو متاثر کر رہی ہے۔ جس کی مثال ملک میں بڑھتی ہوئی جرائم کی صورتحال اور عوام کے لیے بنائے گئےنظام تحفظ کی ابتری ہے۔ عوام کو اپنے معاشی و سماجی تحفظ کے لیے پاکستان کے صاحب اقتدار اور صاحب ثروت افراد کے تعاون کی امید مسلسل قائم ہے ۔ اس معاشرے کے نظام کی بہتری کا بوجھ ایک بار پھر سماجی تنظیموں اور صاحب اختیار افراد کے کندھوں پر بھی بڑھ گیا ہے۔
خدا کرئے کہ دنیا بھر میں پھیلا یہ مہنگائی کا طوفان جلد تھم جائے اور جن غریب ممالک کے امیر تاجران اس طوفان کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ذخیرہ اندوزی کے بعد عید کے موقع پر عوام کی خوشیاں ضبط کر رہے ہیں اُن کے دلوں میں بھی رحم جاگے اور پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کے غریب و ناتواں عوام عید کے موقع پر اپنی خوشیاں حاصل کرسکیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International