Today ePaper
Rahbar e Kisan International

غزل

Poetry - سُخن ریزے , / Thursday, August 21st, 2025

rki.news

ایک مدت سے میں مسکرائی نہیں
میری خوشیوں سے جب دل رُبائی نہیں

اس لئے ان کو شک ہے کہ ناراض ہوں
کوئی شکوہ زباں پر ، میں لائی نہیں

تو جو چاہے تو کر لے جدا اپنی راہ
میں نے کچھ قید تجھ پر ، لگائی نہیں

شادمانی ، مسرت کے لکھتی ہوں گیت
گرچہ خوشیوں سے کچھ آشنائی نہیں

پیار مجھ سے بھی ، الفت ہے اوروں سے بھی
کیا کہوں ، یہ اگر بے وفائی نہیں؟

مال ، راہِ خدا میں لٹاتی رہی
پھوٹی کوڑی بھی گھر میں بچائی نہیں

جس میں ظالم کو من مانیوں کی ہو چھوٹ
مجھ کو منظور ، ایسی خدائی نہیں

میں تھی ، بال اپنے جوڑے میں باندھے ہوئے
پھر بھی سر کش ہوَا ، باز آئی نہیں

جانے کب سے ہے ، دنیا مری منتظر
ایسی دنیا ، جو میں نے بسائی نہیں

تو ہے تمثیلہ ! خوش ظرف خاموش سی
آہ و زاری نہیں ، لب کشائی نہیں

تمثیلہ لطیف


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International