Today ePaper
Rahbar e Kisan International

غزہ پر اسرائیل کی معاہدے کے باوجود وحشیانہ اور انسانیت سوز بمباری انتہائی شرمناک ہے۔

Articles , Snippets , / Friday, April 4th, 2025

rki.news

(شجاع الدین شیخ)
لاہور (پ ر): غزہ پر اسرائیل کی معاہدے کے باوجود وحشیانہ اور انسانیت سوز بمباری انتہائی شرمناک ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ 19 جنوری 2025ء سے حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ نافذ العمل ہونا تھا لیکن ناجائز صہیونی ریاست نے معاہدے کے آغاز سے قبل ہی اِس کی بدترین خلاف ورزی شروع کر دی تھی۔ اپنے روایتی دجل اور دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے اسرائیل نے فاقہ اور مرض کے شکار فلسطینی مسلمانوں کو امداد پہنچانے کے تمام راستے مسدود کر دیے۔ تباہ حال غزہ کی تعمیر نو کے لیے درکار ضروری بھاری مشینری کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ رمضان المبارک کے دوران غزہ میں گیس اور بجلی کی ترسیل کو منقطع کر دیا۔ غزہ کے شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے والے واحد پلانٹ کو تباہ کر دیا۔ نام نہاد جنگ بندی کے دوران بھی اسرائیلی نے فلسطینی مسلمانوں اور تحریکِ مزاحمت کے بعض اہم ذمہ داران کو تاک تاک کر نشانہ بنایا۔ ابھی 18 مارچ 2025ء کو غزہ بھر میں وحشیانہ صہیونی بمباری جس میں عورتوں، بچوں اور بزرگوں سمیت کم از کم 650 افراد شہید کر دیئے گئے تھے اُس پر دنیا بھر میں مذمت جاری تھی کہ عیدالفطر کے ایام میں اقوامِ متحدہ کے زیراہتمام ایک سکول پر بمباری کرکے 80 سے زائد افراد جن میں اکثریت بچوں پر مشتمل تھی اُن کو شہید کر دیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون! امیر تنظیم نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی ایک دھمکی پر تو مسلم ممالک کے سربراہان فوراً مصر میں جمع ہو جاتے ہیں اور تحریکِ مزاحمت کو کچلنے اور غزہ میں ایک اسرائیل نواز حکومت کے قیام کا اعلان بھی کر دیتے ہیں لیکن بے حمیتی کا یہ عالم ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ توڑنے اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب ہونے پر اسرائیل کے خلاف آواز بھی بلند نہیں کرتے۔ پھر یہ کہ صہیونی افواج اور عوام تو غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی مسلمانوں پر حملے کرنے اور اُن پر بمباری کرکے شہید کرنے سے تھکے نہیں لیکن مسلم دنیا کے عوام و حکمران اسرائیل کو فائدہ پہنچانے والی مصنوعات کے بائیکاٹ کو شاید مکمل طور پر بُھلا چکے ہیں جس کی تازہ مثال یہ ہے کہ عید کے دنوں میں اِن کمپنیوں کی مصنوعات کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ امیر تنظیم نے کہا کہ مسلم ممالک اگر اب بھی غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والے اسرائیل کے خلاف عملی طور پر میدان میں نہیں اُترتے تو دنیا اور آخرت دونوں میں بدترین رسوائی اور سزا سے دور چار ہوں گے۔
جاری کردہ
رضاء الحق
مرکزی ناظم نشرو اشاعت


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International