Today ePaper
Rahbar e Kisan International

غزہ کے مجاہدین اور عوام ٹرمپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔

Articles , Snippets , / Monday, February 17th, 2025

فروری 2025ء
پریس ریلیز
(شجاع الدین شیخ)
لاہور (پ ر): غزہ کے مجاہدین اور عوام ٹرمپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ 19 جنوری 2025ء کو حماس اور ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے مابین جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا جو معاہدہ ہوا تھا، حماس اُس پر مکمل طور پر کاربند ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل نے روزِ اوّل سے ہی اس معاہدے کے خلاف ورزی شروع کر دی تھی۔ معاہدے کے مطابق اسرائیل اس بات کا پابند تھا کہ غزہ کے نیم جان مسلمانوں کے لیے امداد پہنچانے کے تمام راستے کھول دے اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی کے سامان کو غزہ میں داخل ہونے سے نہ روکے۔ پھر یہ کہ بجلی، گیس اور دیگر بڑی تعمیرات کے لیے استعمال ہونے والی بھاری مشینری اور عارضی موبائل گھروں کے غزہ میں داخلہ پر پابندی نہیں لگائے گا۔ علاوہ ازیں 700 میٹر پر مشتمل بَفرزون جو اسرائیل اور غزہ کے درمیان قائم کیا گیا ہے اُس میں موجود کسی فلسطینی پر گولی نہیں چلائے گا ۔لیکن اپنی عیارانہ اور دھوکہ دہی پر مبنی فطرت کے مطابق اسرائیل اِن تمام شرائط کی روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزی کر رہا ہے مگر اُسے پوچھنے والا کوئی نہیں۔ اس کے برعکس امریکی صدر ٹرمپ نے معاہدے میں موجود تمام شرائط کو پورا کرنے کے باوجود حماس کو دھمکی دی کہ اگر ہفتہ کے دن تک تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ غزہ پر قیامت ڈھا دیں گے۔ ٹرمپ نے ایک عرب ملک کے سربراہ کے ساتھ کھڑا ہو کر کُھلم کُھلا اسرائیلی درندگی کی حمایت کی اور غزہ کی تباہی کو یوں پیش کیا جیسے وہ ساڑھے 13 ماہ کے دوران امریکی اسلحہ استعمال کرکے مسلسل وحشیانہ اسرائیلی بمباری کی بجائے اچانک کسی قدرتی آفت کا نتیجہ تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ دنیا کے دیگر تمام خطوں میں جنگ بندی کروا کر اسرائیل کے مفاد میں صرف مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے مسلمان ممالک کے سربراہان اور مقتدر حلقوں پر واضح کیا کہ اِن معاملات میں اُن کی خاموشی درحقیقت ٹرمپ اور نتن یاہو کو ہی تقویت دے رہی ہے۔ مسلم ممالک کے سربراہان کو چاہیے کہ وہ اجتماعی طور پر اکٹھے ہوں اور اس بات کا واشگاف الفاظ میں اعلان کریں کہ اگر ٹرمپ نے نتن یاہو کی خواہشات کے مطابق کوئی بہانہ بنا کر ایک مرتبہ پھر جنگ کا آغاز کیا تو تمام مسلم ممالک متحد ہوکر اسرائیل کو منہہ توڑ جواب دیں گے۔
جاری کردہ
رضاء الحق
مرکزی ناظم نشرو اشاعت


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International