rki.news
محفل نعت پاکستان کے سالانہ ردیفی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد
اسلام آباد (پریس ریلیز) — نعتیہ ادبی تنظیم محفل نعت پاکستان، اسلام آباد نے اپنے 37ویں سال کے آغاز پر سالانہ ردیفی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد جامعہ اسلام آباد، آئی ایٹ فور کے کانفرنس روم میں کیا۔ محفل کی میزبانی صدر محفل۔ نعت پاکستان سید ابرار حسین نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین احمد صدیقی نے انجام دیے۔
محفل کی صدارت معروف بزرگ نعت گو شاعر، نقاد اور ماہر تعلیم ڈاکٹر احسان اکبر نے کی۔ تونسہ شریف سے سید طاہر مہمان خصوصی اور گوجرانوالہ سے قاری غلام زبیر نازش مہمان اعزاز تھے۔ کچھ وقت کے لیے محفل کی صدارت صدر محفل۔ نعت سید ابرار حسین نے بھی کی۔
اس سال مشاعرے کے لیے “وجہ۔ کون و مکاں” کو ردیف کے طور پر منتخب کیا گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، واہ کینٹ، اٹک، ٹیکسلا، گوجرانوالہ اور تونسہ شریف سے آئے ہوئے ممتاز نعت گو شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ شریک شعراء میں ڈاکٹر احسان اکبر، سید ابرار حسین، سید طاہر، غلام زبیر نازش، عرش ہاشمی، عرفان جمیل، شاہ محمد سبطین شاہجہانی، رفیع الدین صدیقی، قیوم طاہر، ڈاکٹر مظہر عباس، ڈاکٹر کاشف عرفان، ڈاکٹر جنید آزر، شہاب ظفر، محمد آصف قادری، حافظ عبدالغفار واجد، شاہد سروری، عبدالرشید چوہدری، نصرت یاب نصرت، فرید احمد چوہدری اور دیگر شامل تھے۔
امریکہ، جدہ، کراچی، سکھر اور دیگر شہروں سے جناب نسیم۔ سحر، سید محمد حسن زیدی، قمر وارثی، ڈاکٹر انیس الرحمن، شارق رشید، سحر وارثی، شرف الدین شامی، سیدہ زینب سروری، محترمہ سبین یونس اور محترمہ شمسہ نورین کی ردیفی نعتیں موصول ہوئیں، جن میں سے منتخب اشعار مشاعرے میں پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ اسلام آباد کے پرنسپل اور ممتاز عالم دین پروفیسر ڈاکٹر مفتی ظفر اقبال جلالی نے محفل۔ نعت پاکستان کی فروغِ نعت کے لیے خدمات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے تنظیم کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے جامعہ اسلام آباد کو سالانہ مشاعرے کی میزبانی کا شرف حاصل ہورہا ہے، اور یہ سعادت ہمارے لیے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نعت گو شعراء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خاص طور پر محفل کے سیکرٹری اور معروف نعت گو شاعر عرش ہاشمی کے کلام کی تعریف کی۔
اس موقع پر سیکرٹری محفل۔ نعت پاکستان، عرش ہاشمی نے سال 2024-25ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور تنظیم کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے گزشتہ برس کے آخری دنوں میں تنظیم کے نائب صدر اور منفرد لب و لہجے کے نعت گو شاعر جناب محسن شیخ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔
یہ پرنور اور روح پرور محفل رات دیر تک جاری رہی اور حاضرین نعتیہ مشاعرے سے فیضیاب ہوتے رہے۔
Leave a Reply