Today ePaper
Rahbar e Kisan International

فضائے بدر پیدا کر

Articles , Snippets , / Thursday, April 17th, 2025

rki.news

عامرمُعانؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“مومنوں کی آپس میں ایک دوسرے سے محبت و مودّت اور باہمی ہمدردی کی مثال ایک جسم کی طرح ہے کہ جب اُس کا کوئی عضو تکلیف میں ہوتا ہے، تو سارا جسم اِس تکلیف کو محسوس کرتا ہے، بایں طور کہ نیند اُڑ جاتی ہے اور پورا جسم بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔” (صحيح مسلم – 2586) “، یہ مشہور حدیث زیادہ نہیں تو اکثر مسلمانوں کو ازبر ہے ، اور یہی وجہ ہے کہ اس حدیث پر مکمل عمل کر کے یہ امتِ واحدہ کا شیر جیسا جسم عرصہ دراز تک ناقابل تسخیر بنا رہا۔ امرِ حق تو یہ ہے کہ سرد و گرم ہر ہر موسم کی سختی اِس شیر نے پوری بہادری اور جفاکشی سے نہ صرف برداشت کی بلکہ یہ شیر ہر ہر سختی کے بعد مزید مضبوط اور توانا ہوتا گیا۔ اس مضبوط جسم والے شیر سے جلنے والوں نے ہر ممکن کوشش کی لیکن پورا جسم سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہر کوشش کو ناکام بناتا رہا۔ اس شیر کے مخالف جنگل کے موذی جانوروں نے سر جوڑ کر ایک اتحاد کی صورت اس شیر کے جسم کو توڑنے کی عملی جدوجہد کا آغاز کیا تو اُن کے مدِنظر یہ بات بھی تھی کہ میڈیکل سائنس میں جب جسم کے کسی ایک عضو کی سرجری کی جاتی ہے تو پورے جسم کو اینستھیزیا دے کر سُن کر دیا جاتا ہے، جس کے اثر میں آ کر پورا جسم ہر طرح کے احساس سے عاری ہو جاتا ہے، اور جس بھی عضو پر جتنی کاریگری کی جائے باقی جسم اُس درد کو محسوس نہیں کر پاتا۔ اسی میڈیکل ترکیب کا استعمال شیر کے جسم کیساتھ ان موذی جانوروں نے کر دیا ہے، شیر کو مال و دولت، عیش و عشرت، فحاشی و عریانی کا وہ اینستھیزیا دے دیا گیا ہے کہ اب ایک عضو کا درد پورے جسم تک نہیں پہنچ پا رہا ہے ۔ یہ جسم مکمل طور پر سُن کر دیا گیا ہے؟؟ اب شیر کے ہر ہر حصہ کو الگ الگ کر کے بچھو، مچھر ،ڈیمبوز اور تمام موذی جانور نشانہ بنا رہے ہیں، مگر شیر ایک عضو کا درد دوسرے عضو کے درد سے مل کر مشترکہ درد کے طور پر محسوس نہیں کر پا رہا ہے۔ ایک طرف بازو پر مچھروں کی طرف سے چرکہ لگایا جا رہا ہے، بازو درد سے پورے جسم کو پکار رہا ہے اور باقی جسم اُس کے درد کو محسوس کرنے سے قاصر ہے ۔ دل پر ڈیمبوز کا بھرپور حملہ ہے تو بازو اُس درد کو محسوس کئے بنا اپنے ہی درد کا رونا رو رہا ہے۔ کہیں سانپ نے زبان پر کاٹ کر زبان گنگ کر دی گئی ہے تو کہیں مگرمچھ نے کان کو کاٹ کر سجا دیا ہے، کہیں اژدھے نے ٹانگوں کو مجروح کر کے بیساکھیوں کے سہارے چھوڑ دیا ہے تو کہیں بچھو کے پشت پر ڈنک گُھپے ہوئے نظر آ رہے ہیں ، جسم کے ہر ہر عضو کو زخمی کر دیا گیا ہے لیکن شیر مشترکہ کیفیت، مشترکہ درد محسوس نہیں کر پا رہا ہے ۔ ہر عضو اپنی فکر میں ہے کہ کسی طرح ان موذی جانوروں کے وار سے میں بخشا جاؤں، باقی اعضاء پر جو گزرتی ہے وہ گزرتی رہے ۔ ہر ہر عضو اس احساس کو فراموش کر چکا ہے کہ جسم کی تندرستی تمام اعضاء کی تندرستی سے منسلک ہوتی ہے۔ ہر ہر عضو پر حملہ آور ان موذی دشمنوں سے بچاؤ کے لئے شیر کے جسم کی مشترکہ جدوجہد ضروری ہے آنکھوں سے دیکھ کر، زبان سے مدد پکار کر، بازو کی طاقت سے ہاتھوں کے وار سے ٹانگوں کی استقامت سے، غرض ہر ہر عضو کی مشترکہ کوشش سے ہی ان موذی جانوروں سے نجات ممکن ہے۔ اس کیفیت سے نکلنے کے لئے شیر کو عیش و عشرت کے اُس اینستھیزیا کے اثر سے نکلنا ہو گا جس نے پورے جسم کی مدافعت ختم کر دی ہے۔ اپنے ہوش و حواس بحال کرنا ہوں گے۔ جسم کو دوبارہ طاقتور بنانے کے لئے ہر ہر عضو پر بھرپور توجہ دینی ہو گی۔ ایک مشترکہ پلان مرتب کرنا ہو گا کہ اِن موذی جانوروں کے خطرناک ہتھیار توڑ کر اِن کے حملوں کو روکا جا سکے۔ اس میں اگر ہر عضو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے صرف اپنے درد کو نہیں تمام اعضاء کے درد کو مشترکہ سمجھے گا تو ہی مشترکہ پلان مرتب کرنے کے قابل ہو سکے گا ۔
~ نکل کے صحرا سے جس نے روما کی سلطنت کو اُلٹ دیا تھا
سُنا ہے یہ قُدسیوں سے مَیں نے، وہ شیر پھر ہوشیار ہو گا
آپسی اختلافات کو بھلا کر یہ سوچنا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ آپس میں جتنا بھی اختلاف ہو مشترکہ دشمن کے مقابل ایک اور مضبوط نظر آ کر ہی بچاؤ ممکن ہے ، وگرنہ شیر کے جسم کے تمام اعضاء الگ الگ ہو کر اپنی بقاء قائم رکھنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور ایک لاغر شیر ایک در سے ہٹ کر در در بھٹکنے کے بعد جنگل کا بادشاہ کہلانے کا حق کھو دیتا ہے ۔ اب بھی وقت ہے کوئی بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے لیکن اُس میں جسم کے تمام اعضاء کی اتفاق رائے لازمی ہے۔ جس کے بعد ہر ہر عضو کو سونپی گئی ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھانا بھی بہت ضروری ہے۔ یہ یاد رکھیں کہ اگر جسم کے تمام احساسات مشترکہ ڈیفنس کے طور پر کام نہیں کرتے تو ایک مچھر بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس وقت تو جسم پر تمام موذی جانوروں مشترکہ حملہ آور ہیں۔ جب حملہ آور متحد ہیں تو حملے کے مقابلے میں شیر کے جسم کے ہر عضو کا متحد ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ متحد ہو کر اس مشترکہ جدوجہد کرنے سے پہلے سر بسجود ہو کر جب شیر اپنی حفاظت کے لئے نصرتِ خداوندی کا طالب ہو گا، تو اللہ کی طرف سے ابابیل کے لشکر بھی مدد کو آئیں گے اور وہ ابابیل کنکریاں لا لا کر اُن تمام ٹھکانوں پر حملہ آور ہوں گے جہاں سے چھپ کر یہ موذی جانور شیر کو تختہ مشق بنا رہے ہیں۔
~ فضائے بدر پیدا کر فرشتے تیری نصرت کو
اتر سکتے ہیں گردوں سے قطار اندر قطار اب بھی
ان دشمنوں کو مار کر ان شاء الله شیر اپنے جسم کی وہی پرانی طاقت دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، جس کی مدد سے جنگل کی بادشاہت اللہ کی طرف سے اس شیر کا انعام ہے
~ آج بھی ہو جو براہیم کا ایماں پیدا
آگ کر سکتی ہے اندازِ گلستاں پیدا


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International