شکیل رشڑوی (رشڑا، ہگلی) ۹ دسمبر ٢٠۲۴ بروز سوموار بعد نماز مغرب تا ١٠:۳۰ بجے شب، ٢٩ گاندھی سڑک رشڑا نزد قبرستان جناب محمد اسلام صاحب کے دولت کدے پہ استاد شاعر فیروز اختر (ہوڑہ) صاحب کی صدارت و حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری بقاء الله رضوی ضیائ صاحب قبلہ امام و خطیب روحانی مسجد رشڑا کی قیادت میں ایک عظیم الشان نعتیہ مشاعرہ و محفل میلادالنبی ﷺ نہایت تزک و احتشام سے انعقاد پذیر ہوئے۔ مذکورہ تقاریب کی نقابت کا فریضہ شاعر و نقیب محترم محمد صدام حسین اسمٰعیلی ابوالعلائی صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
فورم کے فعال ممبر شہزادہ شاد کے بھائی محمد اسلم صاحب کی شادی کی خوشی کے موقع پہ قوس قزح ادبی فورم (شاخ رشڑا) نے اپنی بیسویں ادبی نشست میں ان تقاریب کا اہتمام کیا۔
اس ایمان افروز پروگرام کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے محترم صدام حسن صاحب نے خوش الحانی سے کیا۔ مابعد صدر مشاعرہ کی اجازت سے نعت خوانی و نعت گوئی کا دور شروع ہوا۔ واضح رہے ان تقاریب میں نعت خواں حضرات ونعت گو شعراء پیش پیش رہے۔ بالخصوص شاعر اسلام محترم شوکت علی صادق صاحب (ہوڑہ) و بہت پیارے لب و لہجہ کے نعت خواں محمد حسنین علی (ہوڑہ) و شمشیر ساحل (رشڑا) صاحبان ہمہ وقت اپنی موجودگی سے بزم میں رونق افروز رہے اور اپنے خوبصورت کلام سے خوب داد و تحسین سمیٹی۔
مقامی شعراء میں جناب شکیل رشڑوی صاحب، جناب شہزادہ شاد صاحب و جناب صدام حسن صاحب نے اپنے نعتیہ اشعار سے مشاعرہ میں سماں باندھ دیا اور خوب داد وصول کی۔
قوس قزح ادبی فورم کی یہ خوبصورت روایت رہی ہے کہ وہ اپنے ہر مشاعرہ کے اختتام پر صدر مشاعرہ کو فورم کی جانب سے بطور شکریہ ایک تہنیتی سند پیش کرتا ہے۔ اس حوالے سے اس بار مذکورہ بالا مشاعرہ کی صدارت کرنے پر اور ادبی خدمات کے اعتراف میں صدر مشاعرہ فیروز اختر (ہوڑہ) صاحب کو حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری بقاء الله رضوی ضیائ (امام وخطیب روحانی مسجد) کے دست مبارک سے صدارتی سند پیش کی گئی۔ اس کے بعد واعظ اہل سنت حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری بقاء اللہ رضوی ضیائ صاحب قبلہ امامو خطیب روحانی مسجد رشڑا نے اپنے گوناگوں خطاب سے اپنی عوام کی اصلاح کرتے ہوئے شادی خانہ آبادی پر بڑی نفیس گفتگو کی اور دین و سنت پر زندگی گزارنے کا فلسفہ سمجھایا، مالک بندہ نوازہ ہمارے ائمہ مساجد اہل سنہ کو تادیر قائم رکھے اور انہیں اسی طرح دین حق مذہب اسلام کو عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ صدر مشاعرہ کے صدارتی خطبہ و تقریر کے بعد صلوٰۃ سلام و دعا کے ساتھ یہ یادگار و شاندار مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔
محافل میں شامل چند سامعین کے اسماء جناب محمد اصغر، جناب اسحاق عالم، جناب محمد عرفان، جناب محمد تاجدار، جناب اختر خان، جناب انور خان ہیں۔ ان صاحبان کے علاوہ رشڑا کی عوام بھی کثیر تعداد میں موجود رہی اور ثواب دارین حاصل کیا۔
منتظمین قوس قزح ادبی فورم، رشڑا
Leave a Reply