rki.news
اسلام آباد:
دارالحکومت کی اولین نعتیہ ادبی تنظیم محفلِ نعت پاکستان کے زیرِ اہتمام 441ویں ماہانہ نعتیہ مشاعرے کی بابرکت نشست صدرِ تنظیم سید ابرار حسین کی صدارت میں گلزارِ قائد، وکیل کالونی میں منعقد ہوئی۔ اس روحانی و ادبی محفل کی میزبانی ممتاز خطاط، خوش نویس اور نعت گو شاعر محمد جمال محسن نے کی۔
شدید سرد موسم کے باوجود مقتدر نعت گو شعراء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ نعتیہ کلام پیش کرنے والوں میں سید ابرار حسین (صدرِ محفل)، شرف الدین شامی، عبدالقادر تاباں، عرش ہاشمی، ڈاکٹر عزیز فیصل، عبدالرشید چوہدری، سید رضوان حیدر رضوان اور ناظمِ مشاعرہ محمد نور آسی شامل تھے۔
محفل کا آغاز محمد آصف اقبال نے معروف نعت گو شاعر عزیز حاصل پوری کے نعتیہ اشعار ترنم سے پیش کر کے کیا۔ اس موقع پر میزبانِ محفل کے چچا جناب جمیل احسن (حال مقیم سویڈن) کی ریکارڈ شدہ نعت بھی پیش کی گئی، جب کہ ملتان سے فون کال کے ذریعے محمد مختار علی نے نعتیہ کلام سنایا۔ جناب عرفان جمیل کی بوجہ غیر موجودگی نعت کے اشعار عرش ہاشمی نے پیش کیے۔
صدرِ محفل سید ابرار حسین نے محفل کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک اور اختتام پر اجتماعی دعائے خیر کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اپریل 2026ء میں محفلِ نعت پاکستان کے 38ویں سال کے آغاز کے موقع پر دبستانِ وارثیہ، کراچی کے اشتراک سے ردیف ’’رحمت لقب‘‘ پر سالانہ ردیفی نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔
Leave a Reply