rki.news
اسلام آباد (رپورٹ: خصوصی نامہ نگار)
محفل نعت پاکستان، اسلام آباد کے زیر اہتمام ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے حسبِ روایت ایک خصوصی طرحی نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت معروف و ممتاز نعت گو شاعر، مصنف اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر رفیع الدین احمد صدیقی نے انجام دیے۔ اسٹیج پر صدرِ تنظیم سید ابرار حسین اور سیکرٹری محفل نعت پاکستان جناب عرش ہاشمی بھی موجود تھے۔ میزبانِ محفل، بانی پاکستان قومی ترانہ فاؤنڈیشن، ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی تھے۔
مشاعرے سے قبل مختصر محفلِ میلاد ہوئی جس میں کمسن بچی علایہ نے نہایت خوبصورت نعت شریف پیش کی اور سیرت النبی ﷺ پر بیان ہوا۔ بعد ازاں باقاعدہ طرحی نعتیہ مشاعرے کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر میزبانِ مشاعرہ ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے بھی اپنی غیر طرحی نعت شریف پیش کی۔
یہ مشاعرہ محفل نعت پاکستان کی تاریخ میں مسلسل 438واں ماہانہ طرحی مشاعرہ تھا جو اس برس بھی حسبِ روایت میلاد النبی ﷺ کے عنوان سے دئیے گئے مصرعِ طرح پر منعقد کیا گیا۔ اس بار مصرعِ طرح تھا:
“پہن کر جامۂ انوار فخرِ دوسرا آئے”
مشاعرے میں جڑواں شہروں کے مقتدر نعت گو شعرائے کرام نے اپنے نذرانہ ہائے عقیدت پیش کیے۔ شریک شعرا میں پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر، سید ابرار حسین (صدر، محفل نعت پاکستان)، ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی (میزبانِ محفل)، نسیم سحر، سید ضیاء الدین نعیم، شرف الدین شامی، عرش ہاشمی، ڈاکٹر فرحت عباس، قیوم طاہر، ڈاکٹر عزیز فیصل، وفا چشتی، سید جمال محسن، احمد محمود الزماں، مبشر حسین بشر، محمد نور آسی، عبد الرشید چوہدری، محمد خلیل الرحمن خلیل، طاہر بلوچ اور ڈاکٹر نور حکیم جیلانی شامل تھے۔
مزید برآں، سکھر سے ڈاکٹر انیس الرحمٰن، ٹیکسلا سے شاہ محمد سبطین شاہجہانی اور اسلام آباد سے عرفان خان کا موصولہ طرحی کلام بھی مشاعرے کا حصہ بنایا گیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ تقریب کے اختتام پر میزبانِ محفل ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے تمام مہمانان اور شعرائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شرکائے محفل کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
Leave a Reply