rki.news
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان
پریس ریلیز 06جنوری 2026
ملتان۔محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں شعبہ موسمیاتی تبدیلی، گرین یوتھ موومنٹ (GYM) کلب، شعبہ آؤٹ ریچ اور سینٹر فار ایگری کلچر سسٹینیبلیٹی کے اشتراک سے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پر ایک جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد طلباء، نوجوانوں اور مختلف شعبہ جات کے نمائندگان میں ایس ڈی جیز کے بارے میں آگاہی، عملی فہم اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مقرب علی، ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ موسمیاتی تبدیلی نے پائیدار ترقی کے اہداف کے ساختی فریم ورک اور پاکستان کے تناظر میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی پلیٹ فارمز اور گرین یوتھ موومنٹ کلب جیسے فورمز کے ذریعے نوجوانوں میں قیادت، وکالت اور عملی اقدامات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر طاہر عمران قریشی، ماحولیاتی کنسلٹنٹ (ورلڈ بینک) نے ایس ڈی جی 15 (زمین پر زندگی) کے حوالے سے گفتگو کی اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اپنے عالمی مشاورتی تجربے کی روشنی میں کہا کہ پائیدار زمینی نظم و نسق خوراک کی سلامتی اور موسمیاتی لچک کے لیے ناگزیر ہے۔ڈاکٹر طاہر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر، ای پی اے ملتان نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور موافقت کے ضمن میں ای پی اینڈ سی سی ڈی کے کردار پر بات کی۔ انہوں نے پالیسی کے نفاذ، ماحولیاتی قوانین اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کی اہمیت کو واضح کیا۔انجینئر علی شان راؤ، جنرل منیجر آپریشنز، آمنہ فوڈ انڈسٹریز ملتان نے خوراک کی صنعت کے کردار پر روشنی ڈالی، خصوصاً ذمہ دارانہ پیداوار اور استعمال (SDGs) کے تناظر میں۔ انہوں نے وسائل کے مؤثر استعمال، فضلہ میں کمی اور پائیدار صنعتی طریقہ کار کو خوراک کی سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا۔ محمد احمد عرفان، سی ای او، ایم/ایس شاہین وُڈ پرائیویٹ لمیٹڈ، انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان نے پائیدار مینوفیکچرنگ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے ماحول دوست پیداواری طریقوں اور ماحولیاتی معیارات کی پاسداری کو صنعتی ترقی اور جدت کے لیے اہم قرار دیا۔رفعت حیات لودھی، انوائرنمنٹل آفیسر، بورڈ آف مینجمنٹ، انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان نے صنعتی علاقوں میں ماحولیاتی حکمرانی، آلودگی پر قابو پانے، ضابطہ جاتی تعمیل اور صنعتوں کے باہمی تعاون کی اہمیت پر گفتگو کی تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو ایس ڈی جیز سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔خواجہ حسن منصور، سینئر اسٹاف انجینئر ماحولیات، پاک عرب فرٹیلائزرز لمیٹڈ نے کھاد کے شعبے کی پائیدار زراعت اور موسمیاتی عمل میں ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی نظم و نسق کے نظام، اخراج میں کمی اور پائیدار صنعتی ترقی کو ایس ڈی جیز کے حصول کے لیے کلیدی عوامل قرار دیا۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس تربیتی نشست کو نہایت مفید قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تعلیمی، صنعتی اور سماجی سطح پر عملی کردار ادا کریں گے۔
Leave a Reply